سرگودہا (بیورو چیف)سرگودہا شہر کے لیے حکومتِ پنجاب نے 14 ارب روپے کے سیور یج سسٹم کے میگا منصوبے کی منظوری دیدی ہے۔ منصوبے کے تحت جدید سیوریج سسٹم تیار کیا جائے گا جو نہ صرف موجودہ ضروریات کو پورا کرے گا بلکہ 2050 تک شہر کی بڑھتی ہوئی آبادی کے لیے بھی کافی ہوگا۔ کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان اور ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد وسیم کو ایم ڈی واسا عزیز اللہ خان نے اس منصوبے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ منصوبے کے تحت 161 کلومیٹر پرانی سیوریج لائنز تبدیل کی جائیں گی جبکہ 26 کلومیٹر نئی لائنز بچھائی جائیں گی۔ منصوبے میں پرانے ڈسپوزل اسٹیشنز کی اپ گریڈیشن، نئے ڈسپوزلز کی تعمیر اور واسا کو جدید مشینری کی فراہمی بھی شامل ہے۔ کمشنر جہانزیب اعوان نے کہا کہ سرگودہا کا سب سے بڑا مسئلہ سیوریج سسٹم ہے۔




