اوساکا /لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک /بیورو چیف) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہاہے کہ پنجاب کے شہروں کو فیوچر سٹی کے تصور پر تعمیر و ترقی دینگے’ وزیراعلیٰ نے گزشتہ روز اوساکا میں ورلڈ ایکسپو 2025 کادورہ کیا ،ایکسپو ایسوسی ایشن کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل اکی نوکی ماناٹسو نے ان کا پرتپاک خیر مقدم کیا۔مریم نواز نے ایکسپو 2025 کیلئے بہتر زندگی کیلئے مستقبل کے معاشرے کی تشکیل کا عنوان منتخب کرنے کو سراہا۔ ایکسپو میں انسانی جان بچانے ، عوام کوبہتر سہولیات کی فراہمی اورطریقوں کو نمایاں کیا گیا ہے ۔وزیراعلیٰ نے پاکستانی پویلین کا بھی دورہ کیا اورپاکستانی پویلین آنیوالے پاکستانیوں اورغیر ملکی سیاحوں سے گفتگو کی۔ انہوں نے ماحول دوست خوراک و زراعت کا سٹال بھی دیکھا، ورلڈ ایکسپو2025 میں 150جاپانی اور غیر ملکی کمپنیوں نے سٹالز لگائے ہیں ،مریم نواز کو گرینڈ رنگ کا دورہ بھی کرایا گیا۔دوسری طرف مریم نواز نے ستھرا پنجاب کے ورکرز کو پوری تنخواہ نہ ملنے کے معاملے کا نوٹس لے لیا،انہوں نے فوری ایکشن لیتے ہوئے ستھرا پنجاب کے ورکرز کو تنخواہیں دلا دیں۔وزیر اعلی نے ستھرا پنجاب کے ورکرز کو کم ازکم تنخواہ نہ دینے پر برہمی کااظہار کیااور ستھرا پنجاب کے ورکرز کو کم تنخواہیں دینے پر کنٹریکٹرز کو فائنل وارننگ جاری کردی،وزیراعلی نے ستھرا پنجاب کے کنٹریکٹرز کو ہر شہر میں کم از کم تنخواہ کی ادائیگی یقینی بنانے کا حکم دیاہے ۔




