کورونا وائرس کے دوران ڈسکوز کے معاشی پیکج میں گھپلے

اسلام آباد ( بیو رو چیف )کورونا وائرس کے دوران ڈسکوز کے معاشی پیکیج میں بڑے گھپلوں کا انکشاف ہوا ہے۔ آڈیٹرجنرل آف پاکستان نے ڈسکوز کے ذریعے دی جانے والی سبسڈی سے متعلق خصوصی رپورٹ جاری کردی۔رپورٹ کے مطابق کورونا وائرس میں 2019 تا 2021 درمیانے، چھوٹے درجے کے صنعتکاروں کو106ارب کا معاشی پیکیج دیا گیا تاہم ڈسکوز نے پاورانفارمیشن کمپنی اور پاور ڈویژن کی ہدایات کو یکسر نظر انداز کیا۔دستاویر کے مطابق 10 لاکھ سے زائد ایسے صارفین کو شامل کیاگیا جو پیکیج میں نہیں آتے تھے، معاشی پیکیج میں ان صارفین کو شامل کیا گیا جنہوں نے کنڈا لگا رکھا تھا۔ معاشی پیکیج میں غیر قانونی کنکشنز میں ملوث 588 صارفین کو شامل کیاگیا۔رپورٹ کے مطابق ایک لاکھ 44 ہزار سے زائد ڈیفالٹرز کو بھی معاشی پیکیج میں شامل کیا گیا، ڈیفالٹرز کو معاشی پیکیج کے ذریعے ایک ارب 39 کروڑ روپے سے زائد ادائیگی کی گئی۔کورونا وائرس کے دوران ڈسکوز کے معاشی پیکیج میں97 ہزار صارفین کو ایک ارب روپے کی سبسڈی بغیر تصدیق دی گئی، ان صنعتکاروں کے شناختی کارڈز کے مطابق انکے نام پربجلی کے کئی کنکشنزموجود تھے۔رپورٹ کے مطابق 7 ارب 77کروڑ سے زائد سبسڈی ایسے صارفین کودی گئی جو پیکج کی مقررہ مدت کے بعد شامل ہوئے، 57 ہزار ایسے صارفین کو پیکیج میں شامل کیا گیا جنہوں نے بعد میں کنکشنز لیے۔ 11 ہزار سے زائد ایسے صارفین کو شامل کیا گیا جن کے مستقل ایڈریس کا ثبوت نہیں مل رہا، معاشی پیکج میں 2 ارب 43 ہزار روپے اضافی سبسڈی دینے کا بھی انکشاف ہوا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں