اسلام آباد (بیوروچیف) نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے لاہوراسلام آباد موٹروے ایم 2کے ٹول ٹیکس میں اضافے کا اعلان کر دیا ہے۔ نئے نرخ 26اگست 2025سے 25اگست 2026تک نافذ العمل رہیں گے۔ جاری کیے گئے سرکاری اعلامیے کے مطابق، یہ اضافہ ہر سال ہونے والے 10فیصد اضافے کا حصہ ہے، جو 23اپریل 2014کو فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (FWO)کی ذیلی کمپنی موٹروے آپریشنز اینڈ ری ہیبیلیٹیشن انجینئرنگ پرائیویٹ لمیٹڈ کے ساتھ طے پانے والے کنسیشن ایگریمنٹ کے تحت کیا جاتا ہے۔ یہ معاہدہ Build-Operate-Transfer (BOT) بنیاد پر ہے، اور اس میں دوسرے آپریشنل سال سے ہر سال شرح میں اضافہ لازمی قرار دیا گیا ہے۔یہ نیا اضافہ موٹروے استعمال کرنے والے عام مسافروں اور ٹرانسپورٹ کے کاروبار سے جڑے افراد پر براہِ راست اثر ڈالے گا۔ماہرین کے مطابق، کار اور جیپ کے کرایوں میں محدود فرق آئے گا لیکن بسوں اور فریٹ وہیکلز کے بڑھتے ہوئے اخراجات کرایوں اور مال برداری کی لاگت کو خاصا متاثر کر سکتے ہیں۔




