ربیع الاول ہمیں اتحاد ، محبت، یکجہتی کا پیغام دیتا ہے

سرگودہا (بیوروچیف)ڈپٹی کمشنر سرگودھا کیپٹن (ر) محمد وسیم نے ربیع الاول کے بابرکت مہینے کی آمد پر امتِ مسلمہ کو مبارکباد پیش کی ہے۔ اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ ربیع الاول کا مہینہ ہمارے لیے بے حد فضیلت اور برکت کا حامل ہے کیونکہ اسی ماہ میں ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفیٰ ۖکی ولادت باسعادت ہوئی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اس سال نبی کریم ۖکی ولادتِ مبارکہ کو مکمل 1500 سال ہو رہے ہیں اور اس عظیم موقع پر حکومتِ پنجاب کی ہدایت کے مطابق ربیع الاول کو پہلے سے بڑھ کر عقیدت، احترام اور شان و شوکت کے ساتھ منایا جائے گا۔ اس سلسلے میں سیرت النبی ۖ کانفرنسز، محافلِ نعت، میلاد کے جلوس اور دیگر محافل کا شاندار اہتمام کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نبی کریم ۖکی سیرت پر عمل پیرا ہو کر ہی ہم دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔ ہمیں اپنے فرائض منصبی بخوبی انجام دینے کے ساتھ ساتھ حقوق العباد، صبر، برداشت اور بھائی چارے کا خاص خیال رکھنا چاہیے تاکہ ایک مثالی معاشرہ تشکیل دیا جا سکے۔ کیپٹن (ر) محمد وسیم نے مزید کہا کہ ربیع الاول کا مہینہ ہمیں اتحاد، محبت اور یکجہتی کا پیغام دیتا ہے۔ ہمیں چاہیے کہ اپنی زندگیاں سیرت النبی ۖ کے سنہری اصولوں کے مطابق ڈھالیں، دوسروں کے ساتھ حسنِ سلوک اختیار کریں اور وطنِ عزیز کی ترقی و استحکام میں اپنا مثبت کردار ادا کریں۔ ڈپٹی کمشنر نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اس بابرکت مہینے کے صدقے ہمارے ملک، شہر اور ہم سب پر اپنی خاص رحمتیں نازل فرمائے اور ہمیں آپ ۖکی تعلیمات کے مطابق زندگی گزارنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں