سیرت النبی ۖ پر عمل پیرا ہوکر ہی معاشرے میں امن قائم کیا جاسکتا ہے،گلاب ارشد

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) محکمہ اوقاف و مذہبی امور کے زیر اہتمام زونل سیرت النبی ۖ کانفرنس زونل ایڈمنسٹریٹر گلاب ارشدکی زیر صدا ر ت میونسپل کارپوریشن ہال میں منعقد ہوئی۔روحانی اجتماع میں ڈسٹرکٹ مینجر اوقاف شاہد ارسلان اور زونل خطیب اسلم ساقی سمیت علمائے کرام و معزز شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ زونل ایڈمنسٹر یٹر گلاب ارشد نے کہا کہ نبی کریم ۖ کی سیرت تمام انسانیت کے لئے مشعلِ راہ ہے۔ سیرت طیبہ ۖ پر چلنا ہی دنیا و آخرت کی کامیابی کی ضمانت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں چاہیے کہ اپنی زندگی کے ہر شعبے میں سیرت النبی ۖ کو عملی طور پر اپنائیں۔ڈسٹرکٹ مینجر اوقاف شاہد ارسلان نے کہا کہ میلاد النبی ۖ کی محافل دراصل رحمت و برکت کا ذریعہ ہیں اور انہی محافل کے ذریعے ہمیں اخوت، بھائی چارے اور اتحاد کا پیغام ملتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیرت النبی ۖ پر عمل پیرا ہو کر ہی معاشرے میں امن قائم کیا جا سکتا ہے۔زونل خطیب اسلم ساقی نے کہا کہ محافل میلاد عوام کے دلوں کو نورِ ایمان سے منور کرتی ہیں اور انہیں دینِ اسلام کی اصل تعلیمات سے روشناس کراتی ہیں۔ انہوں نے ربیع الاول کے بابرکت مہینے میں کثرت سے درود و سلام پیش کرنے کی ترغیب دی اور کہا کہ یہ نذرانہ عقیدت ہی ہمارے ایمان کی پختگی کا ذریعہ ہے۔کانفرنس میں شریک مقررین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ جشن میلادالنبی ۖ کے موقع پر معاشرے میں بھائی چارے، مذہبی ہم آہنگی اور امن کو فروغ دیا جائے گا اور نوجوان نسل کو سیرت النبی ۖ کی روشنی میں کردار سازی کی دعوت دی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں