جڑانوالہ(نامہ نگار) ایس پی جڑانوالہ ڈویژن بختیار احمد نے ربیع الاول کے مقدس مہینے کی آمد کے پیش نظر امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے امن کمیٹی کے اراکین کے ساتھ اہم میٹنگ منعقد کی۔ اس میٹنگ کا مقصد میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے جلوسوں اور محافل کو پرامن اور خوش اسلوبی سے منعقد کروانا ہے۔میٹنگ میں امن کمیٹی کے ممبران، علمائے کرام اور منتظمین جلو س ہائے نے شرکت کی۔ ایس پی بختیار احمد نے تمام شرکا کو خوش آمدید کہتے ہوئے ربیع الاول کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ ہمارا اولین فرض ہے کہ ہم سب مل کر بھائی چارے اور یکجہتی کو فروغ دیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پولیس اور امن کمیٹی مل کر کام کریں تاکہ کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے۔امن کمیٹی کے ممبران نے ایس پی کو مکمل تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ وہ انتظامیہ کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں تاکہ تمام جلوس اور تقریبات پرامن ماحول میں منعقد ہو ں گی،ایس پی بختیار احمد نے شرکا کو ہدایت کی کہ وہ کسی بھی مشکوک سرگرمی یا غیر اخلاقی مواد پر فوری طور پر پولیس کو اطلاع دیں۔انہوں نے تمام مذہبی رہنمائوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے خطابات میں امن اور محبت کا پیغام پھیلائیں۔اجلاس کا اختتام اس عہد کے ساتھ ہوا کہ سب مل کر جڑانوالہ میں امن اور مذہبی ہم آہنگی کو یقینی بنائیں گے۔ یہ میٹنگ اس بات کا ثبوت ہے کہ مقامی انتظامیہ اور کمیونٹی کے درمیان مضبوط تعلقات قائم ہیں، جو کہ کسی بھی معاشرے کی ترقی اور امن کے لیے ناگزیر ہیں۔




