ٹریفک کو کنٹرول کرنے کیلئے جامع حکمت عملی اپنائی جائے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) FCCI میں سٹینڈنگ کمیٹی برائے ٹریفک کے چیئرمین حاجی محمد عابدکی قیادت میںوفد نے مدینہ ٹائون سرکل میں ٹریفک کے مسائل کے حل کیلئے انچارج ٹریفک سرکل مدینہ ٹائون ڈی ایس پی ٹریفک عرفان عاشق سے ملاقات کی اور انہیں مدینہ ٹائون سرکل میں ٹریفک کے مسائل سے آگاہ کیا’ وفد میں FCCI میں سٹینڈنگ کمیٹی برائے ٹریفک کے ممبران رانا ایوب منج’ ملک شاہد رسول’ رانا اکرام اللہ خاں’ آفتا ب بٹ’ عبدالرحمن مانی’ مرزا شہباز اور حاجی الطاف شامل تھے’ حاجی محمد عابد اور ممبران نے انچارج ٹریفک سرکل مدینہ ٹائون ڈی ایس پی ٹریفک عرفان عاشق کو بتایا کہ شہر کے اہم ترین گیٹاں والا چوک’ سلیمی چوک’ عبدالرشید غازی (جی ٹی ایس چوک)’ جھال چوک’ کوہ نور چوک اور چیمبر آف کامرس کی سروس روڈ پر ٹریفک کے گھمبیر مسائل ہیں جو حل طلب ہیں’ ٹریفک وارڈن اپنی ڈیوٹی میں غفلت کا مظاہرہ کرتے ہیں جس کی وجہ سے ٹریفک کے بہائو میں خلل پیدا ہوتا ہے’ چند دنوں تک سکول کھل جانے ہیں لہٰذا جن سڑکوں پر سرکاری یا پرائیویٹ سکول قائم ہیں وہاں پر ٹریفک کو کنٹرول کرنے کیلئے جامع حکمت عملی اپنائی جائے تاکہ وہاں پر ٹریفک جام نہ ہو’ حاجی عابد نے کہا کہ ون وے کی خلاف ورزی فیشن بن چکا ہے اس پر مکمل کنٹرول پانے کی ضرورت ہے’ ون وے کی خلاف ورزی کرنے والوں کو سخت جرمانے کئے جائیں کیونکہ یہی لوگ حادثات کا سبب بنتے ہیں’ اس کے علاوہ ہیلمٹ نہ پہننے والوں کو دو ہزار کا چالان کرنے کی بجائے انہیں دو ہزار کا ہیلمٹ دیا جائے تاکہ وہ آئندہ ہیلمٹ پہن کر سفر کریں’ شام 6 سے رات 9 بجے تک ٹریفک کے بہائو کو بہتر کرنے کیلئے ٹریفک وارڈن کی تعداد کو بڑھایا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں