سرگودھا کے شہری علاقوں میں مویشی رکھنے والوں کیخلاف کریک ڈاؤن

سرگودہا (بیورو چیف) کمشنر سرگودہا ڈویژن و ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن جہانزیب اعوان کی خصوصی ہدایت پر سرگودہا شہر میں شہری حدود میں مویشی رکھنے والوں کیخلاف سخت کریک ڈائون جاری ہے۔ میونسپل آفیسر ریگولیشن زویا بلوچ کی قیادت میں انکروچمنٹ عملہ اور پیرا کی ٹیم نے ملٹری فارم روڈ، ہاتھی چوک، بلاک 25 اور بلاک 22 میں بڑے پیمانے پر آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران 11 گائیں اور بھینسیں قبضے میں لے لی گئیں جبکہ 8 غیرقانونی باڑے موقع پر ہی مسمار کر دیے گئے۔ ایم او آر زویا بلوچ کا کہنا ہے کہ یہ آپریشن کمشنر سرگودہا کی ہدایات پر شروع کی گئی خصوصی مہم کا حصہ ہے۔ شہری علاقوں میں مویشی پالنے سے صفائی کے نظام میں رکاوٹ آتی ہے، گلیوں میں گندگی پھیلتی ہے اور بیماریاں جنم لیتی ہیں۔ شہریوں کو صاف، صحت مند اور بہتر ماحول فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔زویا بلوچ نے مزید کہا کہ مویشی رکھنے والے شہریوں کو بارہا متنبہ کیا گیا تھا، تاہم متعدد افراد کی جانب سے وارننگ پر عمل نہ کرنے کی وجہ سے سخت کارروائی ناگزیر ہو گئی۔ انہوں نے واضح کیا کہ آئندہ بھی قانون کی خلاف ورزی پر بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں