لوگوں کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے کہا ہے کہ لوگوں کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے، ضلعی انتظامیہ سیلابی صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے تیسرے روزبھی تاندلیانوالہ کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا جہاں انہوں نے پل ماڑی پتن سے پانی کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔اس موقع پر انہوں نے عالم شاہ اور شیرازا پتن کا بھی دورہ کیا اورفلڈ ریلیف کیمپ سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ دریامیں پانی کی سطح مسلسل بلند ہو رہی ہے جس کے پیش نظر ریسکیو ٹیمیں، سول ڈیفنس اور ستھرا پنجاب کی ٹیمیں مکمل طور پر متحرک ہیں اور شہریوں کے سامان کی منتقلی میں مصروف عمل ہیں۔اب تک11 گاں خالی کروائے جا چکے ہیں اور3 ہزار سے زائد افراد کے سامان کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔انہوں نے کہاکہ متاثرہ خاندانوں کے لئے6 فلڈ ریلیف کیمپس قائم کر دیئے گئے ہیں جہاں کھانے، پینے اور طبی سہولتوں کی فراہمی کے ساتھ ساتھ جانوروں کے لئے چارہ بھی وافر مقدار میں یقینی بنایا جا رہا ہے۔ ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنرز ریلیف کیمپس سمیت مختلف مقامات پر جا کر متاثرین میں کھانا تقسیم کر رہے ہیں۔شہری کسی بھی ہنگامی صورتحال میں 15،ریسکیو 1122، اسسٹنٹ کمشنر اور ڈپٹی کمشنر آفس کنٹرول روم کے نمبرز پر کال کر کے مدد حاصل کر سکتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں