سیلاب متاثرہ علاقوں میں کسانوں کی ہر ممکن مدد کیلئے تیار ہیں،وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی ڈاکٹر ذوالفقار

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے کہا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں زرعی بحالی اور کسانوں کی مدد کے لیے یونیورسٹی کیمپس کمیونٹی تمام ممکنہ اقدامات کرے گی۔ اس سلسلے میں ایک جامع حکمت عملی مرتب کی جا رہی ہے تاکہ متاثرین کو سہارا دے کر زراعت اور لائیوسٹاک سیکٹر کو بحال کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ آج ہمارے پاکستانی سیلاب زدگان بہن بھائی ایک مشکل میں ہیں۔ زندہ قوموں کا یہ امتحا ن ہے کہ وہ مشکل کی گھڑی میں اپنے بہن بھائیوں کا ساتھ نہیں چھوڑتیں۔ ہمیں اپنی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے سیلاب زدگان کی مدد کرنی ہے، ان کی زندگیوں اور مال و متاع کو بچانا ہے، ان کے مال مویشیوں اور فصلوں کو محفوظ بنانا ہے تاکہ وہ دوبارہ اپنے پاں پر کھڑے ہو سکیں۔انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی ماہرین بحالی کے منصوبوں پر کام کریں اور کسانوں کو اس مشکل گھڑی میں فصلوں اور مویشیوں کو محفوظ بنانے کے لیے بروقت آگاہی اور عملی رہنمائی فراہم کریں۔پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی نے ہمیشہ سیلاب اور زلزلے جیسی قدرتی آفات سے نمٹنے میں فعال کردار ادا کیا ہے اور اس بار بھی متاثرہ علاقوں میں بیجوں کی فراہمی، آگاہی مہم اور دیگر اقدامات کے ذریعے زرعی بحالی کے جامع لائحہ عمل پر کام جاری ہے تاکہ غذائی خود کفالت کے اہداف حاصل کیے جا سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں