فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) پنجاب حکومت کے ”اپنی چھت اپنا گھر پروگرام ” کے تحت 211خاندانوں میں31کروڑ 65لاکھ کے قرضوں کی تقسیم کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے، عام آدمی کا اپنے گھر کا خواب پورا کرنے کے لیے اخوت اسلامک مائیکرو فنانس نے حکومت پنجا ب کیساتھ ملکر یہ بیڑہ اٹھایا ہے۔ اس منصوبہ کے تحت اخوت اسلامک مائیکرو فنانس سمندری روڈ برانچ کے زیر اہتمام قرضہ جات کی فراہمی کی تقریب مدنی مسجد سمن آباد میں منعقد کی گئی ، تقریب میں ایریا منیجر حافظ محمد وسیم ، برانچ منیجرز حافظ فیصل اور احتشام الحق ضیاء نے شرکت کی۔ اس موقع پر مزید 23خاندانوں میں تین کروڑ 45لاکھ کے قرضے تقسیم کیے گئے، قرض حاصل کرنے والے خاندانوں کے سربراہان نے اخوات کے منیجر احتشام الحق ضیاء اور انکے عملے کی اپنی چھت اپنا گھر منصوبے کی کامیابی کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو سراہا۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ بہت قلیل مدت میں انہیں بنا کسی بھی چارجز قرض کی ادائیگی ممکن بنائی گئی ہے جس کے لیے وہ ادارے کے شکرگزار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ معاشی عدم استحکام کے دور میں حکومت پنجاب کے اپنی چھت اپنا گھر پروگرام اور اخوت اسلامک مائیکرو فنانس کی مشترکہ کاوش کسی نعمت سے کم نہیں ہے جس سے وہ اس قابل ہوئے ہیں کہ مہنگائی کے دور میں اپنے گھر کی تعمیر ممکن بنا سکیں ۔




