حکومت سیلاب سے بچاؤ کیلئے سنجیدہ اقدامات اٹھائے،سکندر اعظم

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) حکومت کو قدرتی آفات خصوصا سیلاب سے بچائو کیلئے سنجیدہ اقدامات اٹھانا ہوں گے’مستقبل میں سیلاب سے بچائو کیلئے ڈیم بنانے کی ضرورت ہے’ بد قسمتی یہ ہے کہ گزشتہ سالوں میں آنیوالے سیلابوں سے حکمرانوں نے کوئی سبق نہیں سیکھا اور آپس کی لڑائیوں اور کرسی کے حصول کی جنگ نے ملک کا ستیاناس کر دیا’ ان خیالات کا اظہار فیصل آباد الیکٹرونکس اینڈ انسٹالمنٹ ایسوسی ایشن کے گروپ لیڈررانا محمد سکندراعظم خاں’ صدر چوہدری حبیب الرحمن گل نے اجلاس کے شرکاء سے کیا’ اجلاس میں ایسوسی ایشن کے سرپرست اعلیٰ چوہدری امانت علی’ سینئر نائب صدر چوہدری شوکت جٹ’ فنانس سیکرٹری ملک وقاص احمد’ امتیاز علی کمبوہ’ خرم شہزاد’ رانا طاہر’ طارق عزیز’ سیف الرحمن کے علاوہ ایسوسی ایشن کے ممبران نے کثیر تعداد میں شرکت کی’ انہوں نے کہا کہ اگر حکمرانوں نے موجودہ سیلاب سے بھی کچھ سبق نہ سیکھا تو آنے والے وقت میں قوم کو اس سے بھی زیادہ پریشانی کا سامنا کرنے پڑے گا’انہوں نے کہا کہ اس حقیقت سے انکار ممکن نہیں کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں ناصرف شامل ہے بلکہ فہرست میں خاصا اوپر ہے، لیکن ہمارے عوامی رویوں اور حکومتی کارکردگی سے اس سنگین خطرے کے حوالے سے نہ تشویش نظر آتی ہے نہ ہی مستقبل کا کوئی پلان’ قدرتی آفات محض اتفاق نہیں ہوتا بلکہ اللہ کی جانب سے انسانوں کے لیے تنبیہ، آزمائش یا عذاب ہوا کرتی ہیں’ قدرتی آفات بسا اوقات اللہ کی طرف سے گناہوں کے نتیجے میں عذاب بھی ہوتے ہیں تاکہ انسان اپنے طرزِ عمل کو بدلے’انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک کا بیشتر حصہ اس وقت سیلاب کی زد میں ہے اور سیلاب کی تباہ کاریوں سے عوام کی کثیر تعداد مسائل کا شکار ہے’ اس صورت حال میں اب یہ ہماری اخلاقی، مذہبی ذمہ داری ہے ان لوگوں کی دل کھول کر مدد کی جائے اور سیلاب متاثرہ خاندانوں میں خشک راشن ادویات اور دیگر ضروری سامان بھجوایا جائے ‘ قدرتی آفات کی اس گھڑی میں فیصل آباد الیکٹرونکس اینڈ انسٹالمنٹ ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کی تمام فلاحی تنظیموںاور مخیر حضرات سے اپیل ہے کہ وہ سیلاب سے متاثرہ افراد کی بھرپور مدد کریں’ ساتھ ہی سیلاب میں جاں بحق ہونے والوں کی مغفرت، ان کے لواحقین کے لیے صبر اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے خصوصی دعا بھی کرتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں