حضور نبی کریمۖ کا15سوسالہ جشن ولادت شان و شوکت سے منانے کا اعلان

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) بین المسالک و مذاہب رواداری کونسل پاکستان کے زیر اہتمام پریس کانفرنس میں تمام مکاتب فکر کے علماء نے اعلان کیا کہ 1500 سالہ ولادت مصطفی ۖ سال بھرپور عقیدت، احترام اور تجدیدِ عہد کے ساتھ منایا جائے گا۔ ملک بھر میں میلاد النبی ۖ کی تقریبات، جلوس، اور اجتماعات عقیدت و محبت کے ساتھ منعقد کیے جائیں گے، اور پیغامِ اسلام، امن، محبت، برداشت، بھائی چارے اور باہمی یگانگت کو عام کیا جائے گا۔مقررین نے کہا کہ پاکستان کلمہ طیبہ کے نام پر قائم ہوا اور تا قیامت قائم رہے گا۔ ریاستی ڈھانچے میں نظامِ مصطفی ۖ کے نفاذ اور عدل کے قیام کا مطالبہ کیا گیا، جب کہ کشمیر اور فلسطین کی آزادی کے لیے عالمی سطح پر متحرک کردار ادا کرنے پر زور دیا گیا۔پریس کانفرنس سے خطاب میں علماء کرام نے کہا کہ رسول اکرم ۖ کی سیرت دنیا کے لیے روشنی کا مینار اور امن کا پیغام ہے۔ قدرتی آفات انسانیت کے لیے تنبیہ اور آزمائش ہیں۔ پاکستان میں دین دشمن اور غیر اسلامی سرگرمیوں کے فروغ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ ملک میں دینی اقدار، احترامِ مقدسات اور اتحاد بین المسلمین کا فروغ وقت کی ضرورت ہے۔اس موقع پر علما نے کہا کہ جشن میلاد النبی ۖ کے موقع پر تمام مکاتب فکر کے درمیان رواداری، احترام، اور بھائی چارے کو فروغ دیا جائے گا۔ جلوسوں اور اجتماعات میں شرعی حدود اور ضابطہ اخلاق کی مکمل پابندی کی اپیل کی گئی۔ مقررین نے کہا کہ اختلافی امور سے گریز، دل آزاری سے اجتناب، اور برداشت کو فروغ دے کر امت مسلمہ کو متحد کرنا ہر مسلمان کا فرض ہے-پریس کانفرنس میں ملک بھر کے جید علما اور مشائخ، جن میں ڈاکٹر سید افتخار حسین نقوی، علامہ محمد ریاض کھرل، صاحبزادہ سید ایوب شاہ، شیخ الحدیث مفتی محمد انس مدنی، پیر محمد صدیق الرحمن، علامہ غلام اللہ خان، علامہ عزیز الحسن اعوان، صاحبزادہ احمد رضا، علامہ عمر فاروق جامی، قاری محمد انور نعیمی، مولانا صفر علی گولڑوی، صاحبزادہ ابرار حسین جلوی، مولانا سجاد احمد سروری، اور علامہ محمد اکمل رضوی سمیت دیگر نے شرکت کی۔مقررین نے پاک فوج کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے سیلاب متاثرین کے لیے امدادی سرگرمیوں کو تیز کرنے کی اپیل کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں