یونیورسٹی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج میں مقابلہ حسن نعت کا انعقاد

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) یونیورسٹی میڈ یکل اینڈ ڈینٹل کالج میں ماہ ربیع الاول مبارک کی مناسبت سے انٹر کالجز مقابلہ حسن نعت کا انعقاد یونیورسٹی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کے شعبہ بائیو کیمسٹری کی جانب سے ماہ ربیع الاول مبارک کی مناسبت سے انٹر کالجز مقابلہ حسن نعت منعقد کیا گیا جس میں فیصل آباد کے مختلف میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجز کی طالبات نے بھرپور حصہ لیا ۔ تقریب کے مہمان خصوصی دی یونیورسٹی آ ف فیصل آباد کے ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر امان اللہ ملک تھے۔ اس تقریب کا مقصد حضور نبی کریم ۖ سے محبت کو فروغ دینا اورنوجوانوں کو نعت خوانی کے بابرکت فن کے ذریعے اپنی عقیدت کا اظہار کرنے کے لیے ایک موثر پلیٹ فارم فراہم کرنا تھا۔مقابلے کی منصفانہ اور موثر جانچ کو یقینی بنانے کے لیے ممتاز ججوں پر مشتمل ایک پینل تشکیل دیا گیا، جو اسلامی فنون اور ادب میں اپنی خدمات کے لیے مشہور ہیں۔ ان میں معروف نعت خواں پروفیسر ایوب بھٹی، معروف نعت گو شاعرہ اور علیز کالج کی پرنسپل ڈاکٹر نسیم صحرائی، ڈاکٹر مبشرہ ناز اور معروف نعت خواں مس عائشہ بتول شامل تھیں۔ طالبات نے نہائت خوش الحانی سے ہدیہ نعت رسول مقبول ۖ پیش کیں اور حاضرین کے دلوں کو ایمان کی روشنی سے منور کیا۔ مقابلہ نعت میں پنجاب میڈیکل کالج کی طالبہ مس رابعہ نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ یونیورسٹی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کی مس روحا مسعود دوسرے جبکہ پنجاب میڈیکل کالج ہی کی مس مصفیرہ تیسرے نمبر پر رہیں۔ عزیز فاطمہ میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کی خدیجہ یوسف کو حوصلہ افزائی کا انعام دیا گیا۔ ججز اور مہمانوں اپنے خطابات کے دوران قرآت ، نعت و دیگر دینی محافل کے باقاعدگی کیساتھ انعقاد پر دی یونیورسٹی آ ف فیصل آباد اوریونیورسٹی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کی کوششوں کو بیحد سراہا ۔ انہوں نے کہا کہ ایسی پر نور محافل کے انعقاد سے ہماری نوجوان نسل کو قرآنی تعلیمات اور نبی پاک ۖ کی سیرت پاک سے روشناس کروانے میں مدد مل رہی ہے۔ تقریب کے اختتام پر پوزیشن حاصل کرنے والی طالبات میں انعامات و سرٹیفکیٹس تقسیم کئے گئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں