ضمنی الیکشن،NA-104میں3امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے فیصل آباد میں قومی اسمبلی کے دو اور صوبائی اسمبلی کے ایک حلقہ میں 5اکتوبر کو ہونے والے ضمنی الیکشن کی پولنگ سکیم تیار کر لی گئی جبکہ پولنگ اسٹیشنز پر عملہ کی تعیناتی کیلئے ضلعی انتظامیہ نے اساتذہ کرام سمیت سرکاری محکموں کے افسران سے فہرست طلب کر لی۔ ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقہ این اے96 میں کل ووٹرز کی تعداد 5لاکھ 87ہزار 124ہے جن میں دولاکھ 72ہزار سے زائد خواتین اور 3لاکھ 14ہزار مرد ووٹرز ہیں۔ مذکورہ حلقہ میں مجموعی طور پر 345پولنگ اسٹیشن ہونگے جن میں 126مرد’ 130خواتین اور 96مخلوط پولنگ اسٹیشنز ہونگے۔ جبکہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے104 میں کل ووٹرز کی تعداد 5لاکھ 28ہزار 518ہے جن میں 2لاکھ 78ہزار 634مرد اور 2لاکھ 49ہزار 884 خواتین ووٹرز کیلئے مجموعی طور پر 375پولنگ اسٹیشن ہونگے جن میں 137مرد’ 141خواتین اور 94مخلوط پولنگ اسٹیشن قائم ہونگے۔ علاوہ ازیں صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی98 میں کل ووٹرز کی تعداد 2لاکھ 98ہزار ہے جن میں ایک لاکھ 55ہزار مرد اور ایک لاکھ 33ہزار خواتین ووٹرز کیلئے مجموعی طور پر 171پولنگ اسٹیشن قائم ہونگے۔ جن میں 53مرد’ 49خواتین اور 69مخلوط پولنگ اسٹیشن بنائے جائیں گے۔ اس حوالے سے الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ضلعی انتظامیہ سے 5اکتوبر کو ہونے والے ضمنی انتخابات کیلئے پولنگ عملہ کی تعیناتی کیلئے اساتذہ سمیت سرکاری محکموں کے افسران سے فہرست طلب کر لی ہے۔ دوسری طرف مذکورہ حلقوں کے امیدواروں نے سیاسی سرگرمیاں تیز کر دیں۔ سیاسی ڈیرے آباد اور سیاسی ورکروں نے اپنے اپنے علاقوں میں ڈور ٹو ڈور کمپیئن شروع کر دی۔ آج 3ستمبر کو سکروٹنی کا عمل مکمل ہو گا۔دریں اثناء ۔فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) فیصل آباد میں 5اکتوبرکو ہونے والے ضمنی انتخابات کیلئے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے104سے پاکستان تحریک انصاف کے سابق ممبر و صوبائی اسمبلی شکیل شاہد سمیت3امیدوار کے کاغذات نامزدگی مسترد ہو گئے، ضمنی انتخابات کیلئے فیصل آباد کے حلقہ این اے114سے15امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے تاہم ریٹرننگ آفیسر ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے دلاور خان نے دوران سکروٹنی تین امیدواروں پی ٹی آئی کے سابق ممبر صوبائی اسمبلی شکیل شاہد کے علاوہ حسن مسعود اور شہیر حیدرملک کے کاغذات نامزدگی سکروٹنی کے دوران مسترد کر دیئے، جبکہ دیگر امیدواروں وزیراعظم کے مشیررانا احسان افضل خان، سابق اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض احمد خان، ان کے بیٹے سابق ٹکٹ ہولڈر پاکستان مسلم لیگ ن بیرسٹر راجہ دانیال احمد، سابق ممبر صوبائی اسمبلی مہر حامد رشید، بشارت علی، حسن جاوید، راجہ عدنان جاوید، شکیل حسین، صوبہ خان، ایس کے عامر چدھڑ،سابق سیکرٹری چناب کلب مہر عبدالرئوف رشید، وحید احمد اور سابق ممبر صوبائی نجمہ افضل کے کاغذات درست قرار دیتے ہوئے الیکشن لڑنے کا اہل قرار دیا۔ تاہم نااہل ہونے والے امیدوار ریٹرننگ آفیسر کے پاس 8ستمبر تک اپیل کرسکیں گے۔ 12ستمبر کو اپیلوں کا فیصلہ سنایاجائے گا اور13ستمبر کو امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کر دی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں