مسائل کے حل کیلئے ہر ڈویژن کی سطح پر صوبہ تشکیل دیا جائے

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) سابق وفاقی پارلیمانی سیکرٹری اور سینئر سیاستدان رانا زاہد توصیف نے کہا ہے کہ عوام کے بڑھتے سنگین مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنے کا ایک ہی راستہ ہے کہ ہر ڈویژن کی سطح پر صوبہ تشکیل دیا جائے تاکہ ترقیاتی، تعمیراتی کام اور دیگر عوامی امور بطریق احسن حل ہو سکیں۔ کیونکہ اس وقت صورتحال یہ ہے کہ لوگ اپنے کاموں کے لیے دھکے کھا رہے ہیں۔ ڈیرہ غازی خان، ملتان اور دیگر شہروں کے لوگوں کو لاہور جانے کے لیے بھاری اخراجات برداشت کرنا پڑتے ہیں۔ اگر ہر ڈویژن کی سطح پر صوبائی حکومتوں کا قیام عمل میں لایا جاتا ہے تو آبادی کے لحاظ سے فنڈز ملیں گے۔ ترقی، خوشحالی کے نئے راستے کھلیں گے۔ رانا زاہد توصیف نے کہا کہ کراچی اور دیگر شہروں میں ہونے والی تیز بارشوں کے بعد سڑکوں کی جو حالت زار ہوئی ہے۔ اس کے تناظر میں ضروری ہے کہ تعمیراتی ادارہ جاتNLC یا FWO سے سڑکوں کی ڈیزائننگ کے بعد نیسپاک سے کلیئرنس حاصل کی جائے تاکہ قوم کا اربوں روپیہ خرد برد۔ کی نذر نہ ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہر ڈویژن کی سطح پر ہائی کورٹ بینچ کا قیام بھی لازم ہے تاکہ عوام کو سستا انصاف میسر آئے۔ ڈویژنل کمشنر کو چیف کمشنر اور آر پی او کو آئی جی کے اختیارات سونپے جائیں۔ جس طرح ہر صوبہ میں وزیراعلی کو اختیارات حاصل ہیں اسی طرح ڈویژن کی سطح کے عوامی نمائندہ کو اختیارات ملنے چاہییں اگر کارکردگی بہتر ہوئی تو عوام آئندہ بھی ووٹ کی طاقت سے اسے منتخب کریں گے۔ نیز ہر ڈویژن کی سطح پر مقابلہ بازی کے رجحان سے عوام کو ریلیف ملے گا۔ جبکہ اہم قومی سطح کے معاملات مثلا آبی ذخائر کی تعمیر،سستی بجلی کے منصوبوں کی تعمیر کے ضمن میں وفاق کو اپنی ذمہ داری احسن طریقہ سے نبھانی چاہیے۔خاص طور پر آئندہ سے سیلاب کی تباہ کاریاں سے بچا کے لیے آبی زخائر کی تعمیر وقت کی ضرورت ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں