FDAکا سٹاف سیلاب زدگان کی مدد کیلئے سرگرم عمل

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات اور سیکرٹری ہائوسنگ، اربن ڈویلپمنٹ اینڈ پبلک ہیلتھ انجینئر نگ پنجاب نورالامین مینگل کی ہدایات پر ایف ڈ ی اے کا سٹاف سیلاب زدگان کے لئے امدادی سرگرمیوں میں بھرپور انداز میں سرگرم عمل ہے اس سلسلے میں ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے ڈویژن بھر میں سیلاب متاثرین کے لئے قائم مختلف ریلیف کیمپس میں ایف ڈی اے کے سٹاف کو متعین کیا ہے جو سیلاب سے متاثرہ افراد کی امداد و بحالی کے لئے ضلعی انتظامیہ اور دیگر مقامی محکموں کے ہمراہ بھرپور کوششوں میں مصروف ہے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ٹان پلاننگ راحیل ظفر، اسسٹنٹ ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ غلام شبیر کے ہمراہ ایف ڈی اے کے سٹاف نے ضلع جھنگ میں احمد پور سیال، گڑھ مہاراجہ، شورکوٹ و دیگر علاقوں کے ریلیف کیمپ میں متاثرین سیلاب کے لئے کثیر تعداد میں پینے کے صاف پانی کی بوتلیں تقسیم کیں اور دیگر ضروریات کاجائزہ لیا۔ ایف ڈی اے کے سٹاف نے متاثرین سیلاب کے ساتھ وقت گزارا اور مشکل کی اس گھڑی میں انہیں حوصلہ دیتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب اور تمام انتظامی مشینری بھرپور وسائل کے ساتھ پوری طرح متحرک ہے اور تباہ کن سیلاب کی اس صورت حال میں اپنے مصیبت زدہ بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کی امداد و بحالی کے لئے انسانی طور پر ممکن تمام تر اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے سیلاب متاثرین کے ساتھ گہری ہمدردی اور دلجوئی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مشکل وقت میں ہم سب سیلاب زدگان کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے امدادی کاموں میں ایف ڈی اے سٹاف کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ ہماری ذمہ داری ہے کہ انسانی ہمدردی اور جذبہ خدمت کے ساتھ فرائض سرانجام دیتے ہوئے امدادی و بحالی کی کوششوں میں جاندار کردار ادا کیاجائے۔انہوں نے کہا کہ قدرتی آفات کے دوران احتماعی کوششوں سے ہی مسائل پر قابو پایا جا سکتا ہے اور سرکاری ادارہ کی حیثیت سے ایف ڈی اے بھی اپنے حصے کا کردار ادا کر رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں