اشتہاریوں کی پولیس ٹیم پر فائرنگ،کانسٹیبل شہید

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تھانہ روشن والا کے علاقہ263 رب فاطمہ گارڈن میں اشتہاریوں کی فائرنگ سے تھانہ صدر کا کانسٹیبل شہید ہو گیا۔ تفصیل کے مطابق تھانہ صدر کے اے ایس آئی رانا ساجد محمود کو اطلاع ملی تھی کہ روشن والا کے علاقہ 263 فاطمہ گارڈن میں خطرناک اشتہاری ملزمان وسیم ولد منظور وغیرہ موجود ہیں جس پر تھانیدار نے ساتھیوں کانسٹیبل اشفاق’ محمد مون’ فاروق اور ایگل اسکواڈ کے ہمراہ فاطمہ گارڈن پہنچے تو اشتہاریوں نے پولیس پارٹی کو آتے دیکھتے ہی ان پر فائرنگ کر دی۔ گولیاں لگنے سے کانسٹیبل اشفاق بری طرح زخمی ہو گیا جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس کے اعلیٰ افسران موقع پر پہنچ گئے اور علاقہ کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن کرتے ہوئے اشتہاریوں کی تلاش کی لیکن وہ موقع سے فرار ہو گئے۔ شہید کانسٹیبل چار بچوں کا باپ اور 164رب جھمرہ کا رہائشی تھا۔ پولیس ذرائع کے مطابق کانسٹیبل اشفاق کو شہید کرنے والا ڈاکو کے خلاف سنگین نوعیت کے 49مقدمات ہیں اور وہ کئی مقدمات میں اشتہاری اور اس کے کریمنل ریکارڈ کے مطابق اوکاڑہ کے علاقہ رینالہ خورد کا رہائشی وسیم کے خلاف تھانہ صدر وسٹی رینالہ خورد اوکاڑہ کے علاوہ فیصل آباد کے تھانہ پیپلزکالونی’ مدینہ ٹائون’ صدر تاندلیانوالہ’ روڈالہ روڈ اور تھانہ ستیانہ میں سال 2011 سے لیکر رواں سال جون تک قتل’ اقدام قتل’ ڈکیتی’ چوری’ راہزنی اور ناجائز اسلحہ سمیت 49مقدمات درج ہیں اور اس کے خلاف 3ماہ قبل صدی احمد شہری کو قتل کرنے کا مقدمہ تھانہ روڈالہ روڈ میں درج ہوا جس میں وسیم اشتہاری ہونے کے بعد روپوش تھا۔ دریں اثنائ۔فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) شہید ہونیوا لے کانسٹیبل اشفاق احمد کی نمازجنازہ پولیس لائن میں ادا کر دی گئی۔ نمازجنازہ میں آر پی او ذیشان اصغر’ سی پی او صاحبزادہ بلال عمر’ ایس ایس پی انوسٹی گیشن’ سی ٹی او رانا ناصر جاوید’ ٹائون ایس پیز’ ڈی ایس پیز’ سول سوسائٹی’ لواحقین اور کثیر تعداد میں پولیس افسران وجوانوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر پولیس کے دستے نے شہید کانسٹیبل اشفاق کے جسدخاکی کو سلامی پیش کی۔ نمازجنازہ کی ادائیگی کے بعد شہید کانسٹیبل کا جسدخاکی ان کے آبائی گائوں 164رب چک جھمرہ روانہ کر دیا گیا جہاں پر انہیں سرکاری اعزاز کے ساتھ سپردخاک کر دیا گیا۔ آر پی او ذیشان اصغر اور سی پی او صاحبزادہ بلال عمر نے شہید کے اہل خانہ کے ساتھ ملاقات کرتے ان کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ شہداء ہمارے محسن ہیں جن کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ شہداء کے اہل خانہ ہماری فیملی کی طرح ہیں ہم ہر گھڑی’ ہر موقع پر شہداء کی فیملیز کے ساتھ کھڑے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں