صنعتی بحالی کیلئے اسٹریٹجک ویژن کی تیاری ناگزیر ہے

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) کنونیئرقائمہ کمیٹی برائے ٹیکسٹائل پروسیسنگ FPCCI، کنونیئر قا ئمہ کمیٹی ریجن پنجاب اینڈٹیکسٹائلFPCCI حا فظ فیصل احمددین نے کہا ہے کہ صنعتی بحالی کے لیے اسٹریٹجک وژن کی تیاری نا گزیر ہے ،حکومت غیر فعال صنعتی یونٹس کی بحالی کے لیے بینکوں کو معاونت دینے کیلئے قائل کرے ۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ مشکلات کا شکار صنعتوں کو قرض تک رسائی میں اضافہ کیا جائے ،بلاجواز ریگولیٹری اقدامات سے تحفظ کے لیے مضبوط سرمایہ کاری تحفظ کا فریم ورک ضروری ہے،ٹیکس نظام میں اصلاحات بشمول سپر ٹیکس میں اصلاحات،توانائی اور مالیاتی اخراجات میں کمی اورریاستی مداخلت کو کم کرنے کے لیے ریگولیٹری اصلاحات پر کام کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ ٹیکس سیکٹر میں ساختی اصلاحات کے لیے مخصوص قوانین کی منظوری فوری طور پر ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ حالیہ سیلاب سے پیدا شدہ وسیع پیمانے پر تباہی کے باعث متاثرہ علاقوں کے ریسکیو، ریلیف اور بحالی کے لیے اضافی مالی وسائل درکار ہیں جس کے لئے اعلیٰ سطحی مشاورتی اجلاس منعقد کیا جانا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ مالی اور مانیٹری محرکات کے ذریعے اقتصادی سرگرمی کو بڑھانے کی بار بار کوششیں پائیدار ترقی میں تبدیل نہیں ہو سکیں جس کے نتیجے میں مہنگائی اور ذخائر میں کمی ہوئی اورسال کے جولائی،اگست میں تجارتی خسارہ 6.013 ارب ڈالر تک پہنچ گیا جبکہ پچھلے سال کے اسی عرصے میں یہ 4.661 ارب ڈالر تھا جو ظاہر کرتا ہے کہ بوم بسٹ چکر ابھی تک برقرار ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں