کمشنر، ڈپٹی کمشنر سرگودھا سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے مصروف عمل

سرگودہا (بیوروچیف) کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان اور ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد وسیم کوٹ مومن کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں متاثرین کی بحالی کے لیے دن رات مصروف عمل ہیں۔کمشنر جہانزیب اعوان روزانہ اپنے دفتری امور نمٹانے کے بعد براہِ راست متاثرہ علاقوں کا رخ کرتے ہیں اور رات گئے تک سیلاب زدگان کے درمیان رہتے ہیں۔ وہ متاثرہ خاندانوں کے مسائل موقع پر ہی سن کر متعلقہ محکموں کو فوری احکامات جاری کرتے ہیں اور ریلیف پہنچانے کے عمل کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد وسیم پچھلے 19 روز سے مسلسل کوٹ مومن کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں اپنی ٹیم کے ساتھ موجود ہیں۔ انہوں نے اپنا کیمپ آفس بھی متاثرہ علاقے میں قائم کر رکھا ہے اور ذاتی نگرانی میں متاثرین کی بحالی کا عمل جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ان کی نگرانی میں متاثرہ خاندانوں کو تین وقت کا کھانا، خشک راشن، ادویات، پینے کا صاف پانی، جانوروں کے لیے چارہ اور دیگر ضروری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ جہاں پانی اتر چکا ہے وہاں نقصانات کے ازالے کے لیے سروے ٹیمیں سرگرم ہیں جو فصلوں، مکانات، اسکولوں، اسپتالوں اور دیگر املاک کو پہنچنے والے نقصان کا مکمل ریکارڈ تیار کر رہی ہیں۔ کمشنر جہانزیب اعوان نے ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد وسیم کے ہمراہ مڈھ رانجھا سیکٹر کے مراد والا سمیت مختلف موضع جات کا دورہ کیا۔ انہوں نے متاثرین سے ملاقات کی، ریلیف آپریشن، موبائل ہیلتھ ٹیمز اور لائیو اسٹاک ٹیمز کی کارکردگی کے بارے میں براہِ راست فیڈبیک لیا اور متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں