مریم نواز کا سیلاب متاثرین کے گھروں کی بحالی کا اعلان

رحیم یار خان (نامہ نگار) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے رحیم یارخان میں اعلان کیا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کے گھروں کی دوبارہ تعمیر کی جائے گی تاکہ وہ اپنی زندگی نئے عزم و حوصلے کیساتھ آگے بڑھا سکیں۔ وہ رحیم یارخان میں سیلاب متاثرہ علاقوں کے دورے پرتھیں، جہاں انہوں نے ریسکیو و ریلیف آپریشن کا جائزہ لیا اورمتاثرین سے ملاقات بھی کی۔متعلقہ حکام کی جانب سے وزیراعلی کو بریفنگ دی گئی کہ ضلع بھرمیں سیلاب متاثرہ خاندانوں کے لیے 59ریلیف کیمپ قائم کیے گئے ہیں جہاں متاثرین کو تیار کھانا، خیمے اور بنیادی طبی سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔مریم نواز شریف نے ریسکیو اہلکاروں کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ ریلیف سرگرمیوں میں مزید تیزی لائی جائے۔انہوں نے متاثرہ بچوں کے لیے قائم عارضی اسکول کا بھی معائنہ کیا اورکہا کہ تعلیم کا سلسلہ کسی صورت متاثر نہیں ہونا چاہیے۔ وزیراعلیٰ نے متاثرین کو یقین دہانی کرائی کہ حکومت ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اورجلد ہی گھروں کی تعمیر نو کا عمل شروع کیا جائے گا تاکہ متاثرہ خاندان محفوظ ماحول میں اپنی زندگی دوبارہ شروع کرسکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں