FDA کا واجبات کی وصولیوں کیلئے ”ای چالان” سسٹم نافذ

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ایف ڈی اے میں واجبات کی وصولیوں کے لئے مکمل طور پر ”ای چالان ” سسٹم نافذ کر دیا گیا ہے ۔ اب مختلف مدات میں فیسوں/واجبات کی وصولی اس سسٹم کے تحت ہو گی جو پنجاب اربن لینڈ سسٹم انحاسمنٹ(PULSE)پے زن (پنجاب انفار میشن ٹیکنالوجی بورڈ) سے منسلک ہے۔ یہ بات ڈائر یکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے ایک میٹنگ کے دوران بتائی جس میں ای چالان سسٹم کے نفاذ اور اس پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر آئی ٹی یاسراعجاز چٹھہ، ڈائریکٹرز اسٹیٹ مینجمنٹ جنید حسن منج، سہیل مقصود پنوں، ڈائریکٹر ٹائون پلاننگ اسما محسن، ڈپٹی ڈائریکٹرز فنانس فیصل طارق بٹ، حمیرا اشرف، ڈپٹی ڈائریکٹر آئی ٹی عبد اللہ نور و دیگر افسران نے شرکت کی۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے ای چالان سسٹم کے تحت وصولیوں کے طریقہ کار کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ جدید اصلاحات کے تحت سروسز کے معیار میں اضافہ اہم ترین مشن ہے جس میں کامیابی کے لئے تمام شعبے جدید طریقہ کار کا ادراک اور اپنی ذمہ داریوں کا احساس کریں اور آئندہ فیسوں/واجبات کی وصولی کے لئے ای چالان ہی جاری کئے جائیں اس میں کوئی تاخیر، کوتاہی یا عدم توجہی برداشت نہیں کی جائیگی۔ انہوں نے متعلقہ ڈائریکٹرز سے کہا کہ وہ تمام تر وصولیوں کے ریکارڈ کو اپ ڈیٹ رکھیں اور مقررہ ”ایپ” کے ذریعے وصولیوں میں کوئی رکاوٹ یا مسئلہ درپیش نہیں ہونا چاہیے۔ ڈائریکٹر آئی ٹی یاسراعجاز چٹھہ نے بریفنگ کو دوران بتایا کہ اب درخواست گزاروں کو فیسوں/واجبات کی ادائیگیوں کے لئے بینک نہیں جانا پڑے گا اور وہ کسی بھی جگہ/مقام سے آن لائن سسٹم کے تحت جاری ہونے والے ای چالان کے واجبات ”پی ایس آئی ڈی” (PSID) نمبر کے تحت ادا کر سکیں گے جوکہ تیز رفتار سروس ڈیلیوری کی جانب اہم پیش رفت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس سسٹم کے تحت وصولیوں کے طریقہ کار میں مکمل شفافیت کے علاوہ مالیاتی ریکارڈ کو ہمہ وقت اپ ڈیٹ رکھا جاسکے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں