پرائیویٹ ایمبولینسز نے مافیا کا روپ دھار لیا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) پرائیویٹ ایمبولینسز نے مافیا کا روپ دھار لیا’ بعض غیر قانونی اور غیر اخلاقی سرگرمیوں میں بھی ملوث ہیں۔ تفصیل کے مطابق فیصل آباد اور دیگر شہروں میں مریض ہسپتالوں میں لانے والی پرائیویٹ ایمبولینسز نے اپنی اجارہ داری قائم کر رکھی ہے، مریضوں اور میتوں کو لیجانے کیلئے شہریوں سے منہ مانگے دام وصول کئے جاتے ہیں، ریکارڈ کا بھی کوئی اندراج نہیں کیا جاتا، پرائیویٹ ایمبولینسز کے مالکان اور ڈرائیورز حکومت کے بنائے گئے لائحہ عمل پر بھی عملدرآمد نہیں کرتے، بعض ایمبولینسز غیر قانونی اور غیر اخلاقی سرگرمیوں میں بھی ملوث ہیں، بعض ایمبولینسز ڈرائیورز منشیات سمگلنگ اور جرائم پیشہ افراد کے سہولت کار بنے ہوئے ہیں اور انہیں ایک جگہ سے دوسری جگہ باآسانی منتقل کر دیتے ہیں۔ بعض ڈرائیورز منہ مانگے پیسے لیکر نودولتیئے جوڑوں کو ایمبولینسز میں بیٹھا کر ہارن بجاتے ہوئے سڑکوں پر گھومتے رہتے ہیں اور جوڑے رنگ رلیاں مناتے رہتے ہیں۔ ایمبولینسز کو راستے میں کوئی نہیں روکتا ڈرائیور غیر قانونی اور غیر اخلاقی سرگرمیوں کیلئے اس کا بھرپور فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ شہری حلقوں نے ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ ایمبولینسز کا بھی دوسری ٹرانسپورٹ گاڑیوں کی طرح سرکاری کرایہ نامہ جاری کیا جائے اور غیر قانونی اور غیر اخلاقی سرگرمیوں میں ملوث ایمبولینسز کے ڈرائیورز کیخلاف ایکشن لیا جائے اور ملک بھر کی ایمبولینسز کی سکروٹنی کی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں