والدین بچیوں کو سرویکل کینسر کی ویکسین ضرور لگوائیں،ADC

ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 9 سے 14سال کی بچیوں کو سرویکل کینسر سے محفوظ رکھنے کے لیے ایچ پی وی (HPV)ویکسینیشن مہم کا باضابطہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس مہم کا افتتاح ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ذیشان لبھا مسیح نے سٹی ہسپتال میں کیا۔ اس موقع پر سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر کاشف ندیم اور ڈی ایچ او ڈاکٹر فیضان ارشد بھی موجود تھے۔ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر فیضان ارشد نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مہم 27 ستمبر 2025 تک جاری رہے گی، جس کے دوران ضلع بھر میں 1 لاکھ 74 ہزار 760 بچیوں کو ویکسین لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اس مقصد کے لیے 122 آوٹ ریچ ٹیمیں، 14 فکس ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جبکہ 2359 سرکاری و نجی اسکولوں میں ویکسینیشن کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ذیشان لبھا مسیح نے کہا کہ ایچ پی وی ویکسین عالمی سطح پر تسلیم شدہ، محفوظ اور موثر ہے جس کی توثیق ڈبلیو ایچ او، یونیسف، قومی صحت کے اداروں اور پنجاب ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ نے کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سائنسی تحقیقات کے مطابق 9 سے 14 سال کی بچیوں کو یہ ویکسین لگوانے سے مستقبل میں سرویکل کینسر سے بہترین تحفظ حاصل ہوتا ہے اور طویل المدتی مدافعت ملتی ہے۔انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنی بچیوں کو لازمی طور پر ویکسین لگوائیں اور کسی بھی قسم کی افواہوں یا سوشل میڈیا پر ہونے والے پراپیگنڈہ پر یقین نہ کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ قومی جذبے اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی نئی نسل کو خطرناک بیماری سے بچانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں