پاکستان ریفری اینڈی کرافٹ کیخلاف ڈٹ گیا،ہوم سیریز سے بھی نکالنے کا مطالبہ

لاہور (سپورٹس نیوز) ایشیا کپ کے بعد پاکستان نے اپنی ہوم سیریز سے بھی اینڈی پائی کرافٹ کو نکالنے کا مطالبہ کر دیا۔ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کو اپنی ہوم سیریز سے بھی نکالنے کے لیے آئی سی سی کو خط لکھ دیا۔آئندہ ماہ پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان سیریز ہونی ہے، میچ آفیشلز میں اینڈی پائی کرافٹ کا نام میچ ریفری کی حیثیت سے شامل ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے آئی سی سی کو خط میں کہا کہ پاک جنوبی افریقا مینز سیریز کے دوران اینڈی پائی کرافٹ کی تعیناتی قبول نہیں ہے۔واضح رہے کہ جنوبی افریقہ کی مینز ٹیم آل فارمیٹ سیریز کے لیے آئندہ ماہ پاکستان کا دورہ کرے گی۔دریں اثناء ۔لاہور (سپورٹس نیوز) پاکستان کی جانب سے پاک بھارت کرکٹ میچ کے ریفری کو ہٹانے کے مطالبے کے بعد ایشین کرکٹ کونسل معاملے کو حل کرنے کی کوششیں کررہا ہے۔ ذرائع کے مطابق پاک بھارت میچ کے ریفری اینڈی پائیکرافٹ کو ہٹانے کے معاملے پر پی سی بی اپنے سخت موقف پر قائم ہے اور کہا گیا ہے کہ اگر اینڈی پائیکرافٹ کو نہیں ہٹایا گیا تو ہم بقیہ میچز نہیں کھیلیں گے ۔دوسری جانب بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ ایشین کرکٹ کونسل معاملے کو سلجھانے کے لیے درمیانی راستہ نکالنے کی کوشش کررہا ہے اور اس حوالے سے پی سی بی کے سامنے کچھ تجاویز رکھی گئی ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق پورے ٹورنامنٹ کے بجائے صرف پاکستان کے میچز سے پائیکرافٹ کو ہٹانے کی تجویز دی گئی ہے اور یہ امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ پاکستان کے میچز میں پائیکرافٹ کی جگہ رچی رچرڈسن کو لگایا جاسکتا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان نے بھارت کے خلاف میچ میں اپنائے جانے والے رویے پر سخت ایکشن لیتے ہوئے ریفری تبدیل نہ کرنے کی صورت میں ایشیا کپ کے مزید میچز نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں