انٹر کے نتائج کا اعلان کل پوزیشن ہولڈرز کا آج

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) کمشنر و چیئرمین بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد راجہ جہانگیر انور کی ہدایت پر ایجوکیشن بورڈ فیصل آباد کے زیراہتمام ہونے والے امتحان انٹرمیڈیٹ پارٹ سیکنڈ و کمپوزٹ (اول) سالانہ 2025 کے نتائج کا اعلان کل 18ستمبر 2025 بروز جمعرات 10بجے دن جبکہ پوزیشن ہولڈر طلبا و طالبات کے ناموں کا اعلان 17ستمبر بروز بدھ شام 4بجے کیا جائے گا۔ پوزیشن ہولڈر طلبا و طالبات کیلئے تقریب تقسیم انعامات 18ستمبر 2025 کو صبح 9بجے کمشنر و چیئرمین تعلیمی بورڈ فیصل آباد راجہ جہانگیر انور کی زیرصدارت شہزاد ہال ڈویژنل ماڈل کالج سول لائنز فیصل آباد میں منعقد ہو گی جس میں سیکرٹری بورڈ ڈاکٹر حبیب الرحمن و کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر محمد جعفر علی کے علاوہ سربراہان ادارہ جات’ اساتذہ کرام’ والدین وشعبہ تعلیم سے وابستہ اہم شخصیات شریک ہوں گی۔ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق 17ستمبر 2025و بروز بدھ شام 4بجے پوزیشن ہولڈر طلبا وطالبات کے ناموں کا اعلان کر دیا جائے گا جبکہ 18ستمبر 2025 بروز جمعرات 10بجے دن کمشنر و چیئرمین تعلیمی بورڈ فیصل آباد راجہ جہانگیر انور لیپ ٹاپ پر بٹن دبا کر جنرل رزلٹ بورڈ کی ویب سائیٹ www.bisefsd.edu.pk پر اپ لوڈ کریں گے۔ اس موقع پر چیئرمین بورڈ پوزیشن ہولڈر طلبا وطالبات کو میڈلز’ نقد انعامات وسرٹیفکیٹس سے بھی نوازیں گے۔ سیکرٹری بورڈ ڈاکٹر حبیب الرحمن نے کہا کہ نتائج سنڈیکیٹ مارکنگ کے تحت حکومت پنجاب کے وضع کردہ ایس او پیز کے مطابق سخت محنت و انتہائی احتیاط سے تیار کئے گئے ہیں جو انشا اللہ تعالی ہرقسم کی غلطیوں سے مبرا ہوں گے تاہم نتائج یا دیگر معلومات کیلئے کنٹرولر امتحانات ڈاکٹرمحمد جعفر علی کے دفتری فون نمبر 041-9330366 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں