شہبازشریف سعودیہ پہنچ گئے

اسلام آباد(بیوروچیف) وزیراعظم شہباز شریف نے سہ ملکی دورے کا آغاز کر دیا، پہلے مرحلے میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر سعودی عرب کے سرکاری دورے پر پہنچ گئے۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اعلیٰ سطح وفد کے ہمراہ ریاض پہنچے، نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار، سینئر وزرا اور دیگر اعلیٰ حکام بھی ان کے ہمراہ ہیں۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی سعودی ولی عہد شہزاد محمد بن سلمان سے ملاقات شیڈول ہے، دونوں رہنمائوں کے درمیان علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال ہوگا، دوطرفہ امور اور تعلقات کے تمام پہلوئوں کا جائزہ لیا جائے گا، وزیراعظم کا دورہ دونوں ممالک میں تعاون کو مزید مستحکم کرے گا۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف دورہ سعودیہ مکمل کر کے برطانیہ روانہ ہوں گے، وزیراعظم کی برطانوی حکام سے ملاقاتیں متوقع ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف 21 ستمبر کو برطانیہ سے امریکا جائیں گے، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کا امکان ہے، وزیراعظم نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت کریں گے، وزیراعظم کا جنرل اسمبلی سے خطاب 26 ستمبر کو ہوگا۔وزیراعظم کی 22 ستمبر کو فلسطین سے متعلق دو ریاستی حل کی سربراہ کانفرنس میں شرکت بھی متوقع ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں