نئے صنعتی منصوبوں سے سینکڑوں افراد کو روزگار ملے گا،کمشنر راجہ جہانگیر انور

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) مقامی سطح پر نئے صنعتی منصوبوں کے آغاز سے سینکڑوں افراد کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے جو خطے کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔یہ بات کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور نے ڈویژنل انوائرمنٹ اپروول کمیٹی کے اجلاس کے دوران کہی۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات عثمان اظہر نے صنعتی و تجارتی منصوبوں کے 74کیسز کمیٹی کے سامنے پیش کئے۔اجلاس میں دو کیسز کو موخر جبکہ تین کیسز کو مسترد کر دیا گیا۔ کمیٹی نے تفصیلی غور و خوض کے بعد 69منصوبوں کو منظوری دی جن میں پٹرول پمپس، میڈیکل فیسلٹیز، پولٹری فارمز، برکس اور مختلف صنعتی و تجارتی منصوبے شامل تھے۔ کمشنر راجہ جہانگیر انور نے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام منظور شدہ منصوبوں میں ماحولیاتی تحفظ کو یقینی بنایا جائے اور ماحول دوست پالیسیوں پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے۔ کمشنر نے مزید کہا کہ صنعتی شعبے کو گرین انرجی پر منتقل کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے تاکہ مستقبل میں ماحولیات کے حوالے سے درپیش چیلنجز پر قابو پایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی بہتری کے لئے تمام اداروں کو اپنا موثر کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ آئندہ نسلوں کو صاف اور صحت مند ماحول فراہم کیا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں