پروفیسر حق نواز بھٹی 19ستمبر کو ریٹائر ہو جائیں گے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں اپنے فرائض منصبی کی ادائیگی کے دوران اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے والے پروفیسر حق نواز بھٹی اپنی مدت ملازمت پوری ہونے پر 19ستمبر بروز جمعہ کو ریٹائر ہو جائیں گے۔ پروفیسر ڈاکٹر حق نواز بھٹی نے چیئرمین کیمسٹری ڈیپارٹمنٹ، پرنسپل آفیسر سکولز اینڈ کالجززرعی یونیورسٹی ، پرنسپل یو۔اے۔ایف کمیونٹی کالج پارس کیمپس، ہال وارڈن پارس اور چیئرمین ڈسپلن کمیٹی جیسے کلیدی عہدوں پر فرائض انجام دیئے، پروفیسر ڈاکٹر حق نواز بھٹی پنجاب یونیورسٹی سے گولڈ میڈلسٹ ہونے کے ساتھ یونیورسٹی آف ونی پیگ کینیڈا سے پوسٹ ڈاکٹریٹ کی ڈگری بھی رکھتے ہیں۔ ان کے قومی و بین الاقوامی سطح پر 400سے زائد Impact Factors کے ساتھ چھپ چکے ہیں، اِسی طرح بین الاقوامی کتابوں میں باب بھی شائع ہو چکے ہیں۔ ڈاکٹر حق نواز بھٹی کیمسٹری کی 20سے زائد کتابوں کے مصنف بھی ہیں، ملک بھر میں شعبہ کیمسٹری سے وابستہ طلبا اور مقابلہ کا امتحان دینے والے امیدواران ان کی کتابوں سے بے حد مستفید ہو رہے ہیں، ڈاکٹر حق نواز بھٹی مختلف کانفرنسز اور ورکشاپ میں 50سے زائد پیپر پیش کر چکے ہیں اس کے ساتھ 280سے زائد گریجوایٹ اور پوسٹ گریجوایٹ طالب علم ان کی نگرانی میں ڈگریاں حاصل کر چکے ہیں۔ ڈاکٹر حق نواز بھٹی 20 سے زائد قومی ایوارڈز بھی حاصل کر چکے ہیں، انٹر نیشنل فورم ریسرچ ڈاٹ کام کی طرف سے ڈاکٹر حق نواز کو پاکستان میں کیمسٹری کے سائنسدانوں کی رینکنگ میں دوسرا بہترین سائنسدان قرار دیا گیا، اس کے علاوہ رواں سال ہائر ایجوکیشن کمیشن آف پاکستان نے ڈاکٹر حق نواز کو ملک بھر میں سال 2023 کے بیسٹ ریسرچرایوارڈ کے لئے منتخب کیا۔ انہوں نے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں اپنے فرائض منصبی جس احسن انداز سے سرانجام دیئے اسے خوب سراہا گیا اور پروفیسر ڈاکٹر حق نواز بھٹی کی تعلیمی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں