عوام کو انصاف کی فراہمی میں وکلا کا کردار مسلمہ ہے،غلام مرتضیٰ سعیدی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) معاشرہ میں بہتری لانے اور عوام کو انصاف کی فراہمی میں وکلاء کا کردار مسلمہ ہے’ ایک مثالی معاشرہ کی تشکیل کیلئے انفرادی اور اجتماعی کاوشیں ضروری ہیں’ لوگوں کیلئے آسانیاں پیدا کرنے اور اور خیر بانٹنے کیلئے وکلاء اپنا کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں’ ان خیالات کا اظہار معروف مفکر اور مصطفائی تحریک پاکستان کے مرکزی امیر غلام مرتضیٰ سعیدی نے ڈسٹرکٹ بار فیصل آباد میں خطاب کرتے ہوئے کیا’ اس موقع پر صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن رائے سیف الرحمن بھٹی’ سیکرٹری سید وہاب شاہ’ ضلعی صدر مصطفائی تحریک محمد اشرف بسمل’ نائب صدر میاں رفعت قادری ایڈووکیٹ’ ڈویژنل جنرل سیکرٹری تیمور خان’ ضلعی فنانس سیکرٹری میاں عبدالرشید عہدیداران اور وکلاء کی کثیر تعداد موجود تھی’ غلام مرتضیٰ سعیدی نے وکلاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معاشرہ کی ترقی’ عدو انصاف کی فراہمی کیلئے جدوجہداور آئین و قانون کی پاسداری میں وکلاء برادری کی کاوشیں قابل قدر اور لائق تحسین ہیں’ سائلین کے حقوق کے تحفظ کیلئے وکلاء اپنا کردار ادا کر رہے ہیں’ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے آج ہمارے پاکستانی معاشرہ میں اخلاقی اقدار کا فقدان ہے’ لہٰذا ضروری ہے کہ ہم لوگوں کی ضروریات کو مدنظر رکھیں اور ان میں خوشیاں تقسیم کریں’ اپنے ذہن اور دل کو کشادہ کریں’ اپنے اخلاق میں بہتری لاتے ہوئے حسن سلوک کا مظاہرہ کریں اور دوسروں کیلئے مفید انسان بن جائیں’ چہرے پر مسکراہٹ لانا بھی نیکی میں شمار ہوتا ہے’ لوگوں کے غم و آلام اور مشکلات میں کمی لانے کیلئے اپنے مزاج اور سوچ میں تبدیلی لانا ہو گی’ غلام مرتضیٰی سعیدی نے کہا کہ مصطفائی تحریک کا اصل مشن برائیوں سے پاک اور خوشحال اور مثالی معاشرہ کی تشکیل ہے’ اس کیلئے ہر ضلع میں منظم طریقہ سے کاوشیں جاری ہیں’ صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن رائے سیف الرحمن بھٹی اور سیکرٹری سید وہاب شاہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے پلیٹ فارم سے وکلاء کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے اقدامات جاری ہیں’ انہوں نے غلام مرتضیٰ سعیدی کی ملی اور سماجی خدمات کو بھی سراہا اور ان کے دورہ فیصل آباد کو خوش آئند قرار دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں