نیویارک (مانیٹرنگ ڈیسک) متحدہ عرب امارات نے 9ممالک کے لیے وزٹ اور ورک ویزوں پر پابندی لگا دی۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق یو اے ای نے 9افریقی اور ایشیائی ممالک کے شہریوں پر سیاحتی اور ورک ویزوں کے لیے درخواست دینے پر پابندی عائد کر دی ہے۔یواے ای کی جانب سے جن ممالک پر پابندی عائد کی گئی ہے ان میں یوگنڈا، سوڈان، صومالیہ، کیمرون، لیبیا، افغانستان، یمن، لبنان اور بنگلہ دیش شامل ہیں۔ امیگریشن سرکلر کے مطابق جن ممالک پر پابندی عائد کی گئی ہے، ان ممالک سے درخواستیں اگلے نوٹس تک معطل کر دی گئی ہیں جن میں کوئی نیا سیاحتی یا ورک ویزا پروسیس نہیں کیا جا رہا۔یو اے ای حکام نے باضابطہ طور پر ویزا معطلی کے فیصلے کی وضاحت نہیں کی، تاہم مبینہ طور پر سیکیورٹی خدشات اور سفارتی تناو کو وجہ قرار دیا جا رہا ہے۔واضح رہے کہ یو اے ای نے ماضی میں بھی کچھ ممالک پر اس طرح کی پابندیاں عائد کی تھیں۔



