ڈویژنل کمشنر شہرمیں پارکنگ مسائل کے حل کیلئے سرگرم

فیصل آباد ( سٹاف رپورٹر ) سابق ایم پی اے ،سٹی صدر پاکستان مسلم لیگ ( ن)شیخ اعجاز احمد ایڈووکیٹ اور ”ڈیلی بزنس رپورٹ” کے نیوز ایڈیٹر ریاض ملک کی کمشنر آفس میں ڈویژنل کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور سے الگ الگ ملاقات۔ فیصل آباد ریجن بالخصوص شہر فیصل آباد کے مسائل، ڈویلپمنٹ، ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا ، ڈویژنل کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور نے گفتگو کرتے ہوئے شیخ اعجاز احمد سے کہا کہ آپ پرانے پارلیمنٹرین ہیں ، ہم نے ملکرسابق وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کیساتھ کام کیا ہے، ہم انشااللہ اب بھی سب دوستوں کے ساتھ ملکر دن رات شہر کی اور لوگوں کی خدمت کریں گے۔شیخ اعجاز احمد نے کہاکہ میں بحیثیت پارٹی صدر اپنی طرف سے پارٹی تنظیم اور شہریوں، تاجروں کیطرف سے آپکو فیصل آباد تعینات ہونے پر خوش آمدید کہتا ہوں انشااللہ ہم ملکر فیصل آباد کی خدمت کریں گے آپ کے آنے سے فیصل آباد کی ٹوٹی ہوئی سڑکوں پر کام ہوتا ہوا نظر آرہا ہے جو کافی عرصہ سے رکا ہوا تھا فیصل آباد کی تعمیر وترقی میں ہمارا بھرپور تعاون آپکے شامل حال رہے گا۔ نیوز ایڈیٹر ”ڈیلی بزنس رپورٹ” ریاض ملک نے ملاقات کے دوران شہر کی تعمیر ترقی کیلئے راجہ جہانگیر انور کو اہم تجاویز دیں جس پر کمشنر نے کہاکہ ان تجاویز پر غور کیا جا ئیگا ۔دریں اثنائ۔فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) فیصل آباد کے شہریوں کے لئے خوشخبری، برسوں سے درپیش پارکنگ کے مسئلے کے لئے پارکنگ پلازہ اور معیاری کھانوں کی فراہمی کے حوالے سے فوڈ سٹریٹ بنانے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنر آفس میں بیرون چنیوٹ بازار پارکنگ پلازہ اور اولڈ لیڈیز پارک کو فوڈ سٹریٹ بنانے کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا جس میں پارکنگ پلازہ اور فوڈ کورٹ کی تعمیر کے منصوبوں پر تفصیلی غور کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے اجلاس کو منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بیرون چنیوٹ بازاراولڈ میئر ہائوس پر جدید طرز کا 9منزلہ پارکنگ پلازہ تعمیر کیا جائے گا جو4لاکھ93ہزار مربع فٹ رقبے پر مشتمل ہوگا۔ اس پلازے کے بیسمنٹ اور لوئر گرائونڈفلور میں موٹر سائیکل پارکنگ جبکہ لوئر گرائونڈ فلور، گرائونڈ فلور اور فرسٹ فلور پر کمرشل مارکیٹ قائم کی جائے گی۔ باقی پانچ فلورز پر کار پارکنگ جبکہ روف ٹاپ پر فوڈ کورٹ تعمیر کیا جائے گا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ ترتیب دیئے گئے ڈیزائن کے مطابق پارکنگ پلازہ میں 215دکانیں تعمیر کی جائیں گی۔ ضلع کونسل اور میونسپل کارپوریشن کے اشتراک سے مکمل ہونے والا یہ منصوبہ شہر کے آٹھ بڑے بازاروں سے گاڑیوں کی پارکنگ کا مسئلہ حل کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔کمشنر نے کہاکہ فیصل آباد ایک صنعتی اور تجارتی شہر ہے جہاں روزانہ ہزاروں افراد خریداری کے لئے بازاروں کا رخ کرتے ہیں۔ پارکنگ پلازہ کی تعمیر شہریوں کو سہولت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ٹریفک کے دبائو میں کمی لائے گی۔اسی اجلاس میں اولڈ لیڈی پارک میں فوڈ سٹریٹ بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔اس موقع پر کمشنر نے کہا کہ فوڈ اسٹریٹ کے قیام سے شہریوں کو معیاری کھانوں کی سہولیات میسر آئیں گی، روایتی پکوانوں کو فروغ ملے گا جبکہ ایک ہی چھت تلے لوگ مختلف ذائقوں سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔ ان منصوبوں کے ذریعے مقامی کاروبار کو فروغ ملے گا اور ہزاروں افراد کے لئے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن عامر رضا،ایڈیشنل کمشنر کنسالیڈیشن آصف چوہان، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل فضل عباس اور متعلقہ محکموں کے افسران بھی شریک تھے۔دریں اثنائ۔فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) شہریوں کے مسائل کے حل اور پبلک فیڈ بیک کے لئے ڈیجیٹل میکانزم تیار کیا جائے تاکہ عوام براہِ راست اپنی شکایات اور تجاویز درج کرا سکیں۔ کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انورنے یہ بات عوامی مسائل کے حل سے متعلق منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن عامر رضا،ایڈیشنل کمشنر کنسالیڈیشن آصف چوہان، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ محمد سرور گجر، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ڈاکٹر نوید احمد اولکھ، اے سی جنرل فریاد دانش اور اے سی ریونیو رانا ساجد نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیاکہ فیصل آباد ڈویژن کی تمام تحصیلوں میں عوامی مسائل کے فوری حل اور براہِ راست عوامی رابطہ کے لئے کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ اس سلسلے کا آغاز25 ستمبر کو تحصیل جڑانوالہ سے ہوگا۔کمشنر نے کہاکہ ریونیو،تعلیم، سپورٹس، یونین کونسل اور میونسپل کارپوریشن سے متعلقہ عوامی مسائل تحصیل سطح پر خود سنے جائیں گے تاکہ فوری اور شفاف انداز میں ان کا ازالہ کیا جا سکے۔اجلاس کے دوران کمشنر نے ہدایت کی کہ تحصیلوں میں تعینات بدعنوان ملازمین کی فہرستیں مرتب کی جائیں اور اس سلسلے میں ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن کو خصوصی ذمہ داری سونپی گئی۔ انہوں نے کہا کہ تمام اسسٹنٹ کمشنرز عوامی مسائل کے حل کے لئے فیلڈ میں متحرک نظر آئیں جبکہ ریونیو افسران کو واضح طور پر ہدایت کی گئی کہ خواتین کے وراثتی انتقال پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔کمشنر نے سڑکوں کی بحالی اور ترقیاتی کاموں میں استعمال ہونے والے میٹریل کے معیار پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ تعمیراتی میٹریل کو لیبارٹریز سے باقاعدہ چیک کروایا جائے تاکہ معیاری منصوبہ بندی یقینی بنائی جا سکے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں