فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے متوقع دورہ فیصل آباد کے انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی ہے۔ تفصیل کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف 29ستمبر کو فیصل آباد کا دورہ کریں گی جس کے انتظامات مکمل کئے جا رہے ہیں، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے سکیورٹی اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے انتظامی انتظامات کئے گئے ہیں۔ دوسری طرف مسلم لیگ (ن) نے بھی وزیراعلیٰ کے استقبال اور جلسہ کے انتظامات کیلئے ارکان اسمبلی’ ٹکٹ ہولڈرز’ تنظیمی عہدیداروں پر مشتمل کمیٹیاں تشکیل دیدی ہیں۔ کارکنوں کو متحرک کرنے کیلئے مسلم لیگ (ن) سٹی کا اجلاس سٹی صدر شیخ اعجاز احمد ایڈووکیٹ کی زیرصدارت کل 25ستمبر کو بٹالہ کالونی کے ہوٹل میں طلب کر لیا گیا ہے۔ جس میں سٹی تنظیم کے عہدیدار شرکت کریں گے اور انتظامات کے حوالے سے تجاویز دی جائیں گی، وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف دورہ فیصل آباد کے دوران سب سے پہلے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں آئیں گی، وہاں پر وہ گریجوایٹس میں سکالرشپس تقسیم کریں گی اور پھر الیکٹرک بس میں بیٹھ کر سرینا ہوٹل آئیں گی اور سرینا ہوٹل کے قریب بوہڑانوالی گرائونڈ میں جلسہ عام سے خطاب کریں گی فیصل آباد کیلئے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کریں گی۔ جلسہ گاہ میں 3000کے قریب کرسیاں لگائی جا رہی ہیں۔ جلسہ عام سے خطاب کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز واپس سرینا ہوٹل آئیں گی جہاں مختلف وفود سے ملاقاتوں کے بعد واپس زرعی یونیورسٹی جائیں گی اور وہاں سے ہیلی کاپٹر کے ذریعے واپس روانہ ہو جائیں گی۔




