جڑانوالہ(نامہ نگار) تھانہ روڈالہ روڈ میں ایس ایس پی آپریشنز کی کھلی کچہری، عوامی مسائل کے فوری حل کی یقین دہانی۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ روڈالہ روڈ میں ایس ایس پی آپریشنز فیصل آباد ڈاکٹر بشریٰ جمیل نے کھلی کچہری کا انعقاد کیا جس میں شہریوں کے مسائل سنے گئے اور ان کے فوری حل کے احکامات جاری کیے گئے۔کھلی کچہری میں ایس پی جڑانوالہ بخیار احمد اور ڈی ایس پی کھرڑیانوالہ اور جڑانوالہ بھی موجود تھے۔ عوامی شکایات پر ایس ایس پی آپریشنز نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ عوامی مسائل کا بروقت اور شفاف ازالہ یقینی بنایا جائے۔ اس موقع پر ڈاکٹر بشریٰ جمیل نے کہا کہ پولیس کا فرض عوام کی خدمت اور حفاظت ہے،اور کسی بھی پولیس اہلکار کی جانب سے شہریوں کے ساتھ ناروا سلوک برداشت نہیں کیا جائے گا۔ایس ایس پی آپریشنز نے تھانہ روڈالہ روڈ کے ایس ایچ او غازی عادل گلفام کی بہترین کارکردگی کو سراہا اور پولیس ٹیم کو شاباش دی، عوامی حلقوں نے کھلی کچہری کے انعقاد اور مسائل کے فوری حل کو خوش آئند اقدام قرار دیا ہے۔




