ترقی و خوشحالی کیلئے نجی شعبہ اور بیوروکریسی کی سوچ میں تبدیلی ضروری ہے ،ریحان نسیم بھراڑہ

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر)پاکستان کی پائیدار ترقی اور خوشحالی کیلئے بیک وقت نجی شعبہ اور بیوروکریسی کی سوچ میں تبدیلی اور باہمی مشاورت سے پالیسیوں کی تشکیل ناگزیر ہے۔ یہ بات فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر ریحان نسیم بھراڑہ نے نیشنل انسٹیٹیوٹ آف پبلک ایڈمنسٹریشن (NIPA) لاہور میں زیر تربیت 44ویں مڈ کیرئیر مینجمنٹ کورس کے افسران کے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے مطالعاتی دورے کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ چیمبرز کے مطالعاتی دوروں سے انہیں معیشت کو جبکہ بزنس کمیونٹی کو معیشت اور معاشی مسائل کے بارے میں اُن کے خیالات کو سمجھنے کا موقع ملتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد قومی معیشت کا اہم ستون ہے یہی وجہ ہے وفاقی اور صوبائی سطح پر بننے والی پالیسیوں کے اثرات سب سے پہلے اسی شہر پر پڑتے ہیں اور ہمیں اس حوالے سے پالیسی سازی میں اپنا کردار ادا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے حکومتی اقدامات سے معیشت میں بہتری کا ذکر کیا تاہم کہا کہ اب معیشت کو پائیدار بنیادوں پر استوار کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے عالمی سطح پر پاکستان کے تشخص میں نمایاں بہتری کو بھی سراہا اور کہا کہ بزنس کمیونٹی کو اس سے فائدہ اٹھاتے ہوئے برآمدات کو بڑھانا ہوگا۔ زیر تربیت افسران کے سوالوں کے جوابات دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فیصل آباد کو اُس کی صنعتی، تجارتی اور کاروباری اہمیت کے مطابق اہمیت نہیں دی جا رہی ۔ فیصل آباد چیمبر کی مسلسل کوششوں کے بعد اب نئے ائیر پورٹ کی فیزیبلٹی سٹڈی کرائی جا رہی ہے جبکہ نئے کمشنر کی آمد کے بعد توقع ہے کہ سڑکوں اور شہر کے بنیادی ڈھانچے میں بہتری آئے گی۔ انہوں نے بتایا کہ فیڈمک کے زیر انتظام علامہ اقبال اور ایم فور انڈسٹریل اسٹیٹس کا رقبہ ملک کی باقی تمام اسٹیٹس کے مجموعی رقبہ سے زیادہ ہے اس وقت یہاں چینی اور کئی غیر ملکی صنعتیں کام کر رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بزنس کمیونٹی کو ضروری سہولتوں کی فراہمی کیلئے یہاں نادراکا آفس قائم کیا گیا ہے جبکہ پاسپورٹ ڈیسک بھی جلد کام شروع کرے گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ اسپیشل انوسٹمنٹ فیسلی ٹیشن کونسل (SIFC)زبردست کام کر رہی ہے ہر ماہ اِس کی میٹنگ ہوتی ہے ۔تاہم صنعتی عمل کو تیز کرنے کیلئے مارک اپ ریٹ کو سنگل ڈیجٹ میں لانا اور بجلی سستی کرنا ناگزیر ہے۔ صنعت اور کاروبار دوست پالیسیوں کی ضرورت ہے۔ اس سے قبل ایڈیشنل ڈائریکٹنگ سٹاف محترمہ سروش اعجاز نے زیر تربیت افسران کو معیشت بارے آگاہ کرنے پر چیمبر کے صدر کا شکریہ ادا کیا۔ زیر تربیت افسران نے اپنا اپنا تعارف کرایا جبکہ سینئر نائب صدر قیصر شمس گچھا نے چیمبر کا دورہ کرنے پر اُن کا شکریہ ادا کیا۔ آخر میں شیلڈوں کا تبادلہ ہوا جبکہ محترمہ سروش اعجاز کو چیمبر کی 50ویں سالگرہ کے حوالے سے گفٹ بھی پیش کیا گیا۔ زیر تربیت افسران کو چیمبر کی گولڈن جوبلی کے حوالے سے خصوصی کالر پن بھی لگائی گئیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں