ٹوبہ میں گرانفروشوں کے خلاف کریک ڈائون تیز

ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ضلع بھر میں گرانفروشوں کے خلاف کریک ڈاون تیز کر دیا گیا ہے۔ ناجائز منافع خوروں پر شکنجہ کسنے اور عوام کو ریلیف دینے کے لیے اشیائے ضروریہ کی فراہمی ہر صورت یقینی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ڈپٹی کمشنر محمد نعیم سندھو کی ہدایت پر پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کا ہنگامی اجلاس ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ذیشان لبھا مسیح کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر صدف ارشاد اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر اکنامکس اینڈ مارکیٹنگ زاہد شریف نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران مجسٹریٹس کی کارکردگی پر بریفنگ پیش کی گئی۔اسسٹنٹ ڈائریکٹر اکنامکس اینڈ مارکیٹنگ زاہد شریف نے بتایا کہ ایک ہفتے کے دوران 49 ہزار 979 انسپیکشنز کیے گئے اور گرانفروشوں پر 64 ہزار روپے جرمانے عائد کیے گئے۔ ذیشان لبھا مسیح نے کہا کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس فیلڈ میں موجود رہ کر انسپکشنز کو مزید موثر بنائیں اور عوامی ریلیف کے لیے تسلسل کے ساتھ مارکیٹ وزٹ یقینی بنائیں۔انہوں نے واضح کیا کہ اشیائے خوردونوش کی قیمتوں پر کڑی نظر رکھی جائے گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔ ناجائز منافع خوروں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں