PFAکی حلال خوراک کی فراہمی کے حوالے سے مہم

ٹوبہ ٹیک سنگھ(نامہ نگار)وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کی جانب سے محفوظ، معیاری اور حلال خوراک کی فراہمی کے حوالے سے آگاہی مہم جاری ہے۔ اس سلسلے میں ڈائریکٹر جنرل فوڈ اتھارٹی کے احکامات پر پنجاب بھر میں ٹیمیں متحرک ہیں جبکہ ضلعی سطح پر ڈپٹی کمشنر محمد نعیم سندھو کی نگرانی میں اقدامات جاری ہیں۔ ڈپٹی ڈائریکٹر پنجاب فوڈ اتھارٹی ٹوبہ ٹیک سنگھ یاسر مشتاق کی زیر نگرانی ٹیموں نے گوشت فروشوں، کریانہ سٹورز اور عوام میں آگاہی پمفلٹس تقسیم کیے۔ دکانداروں کو معیاری خوراک کی اہمیت بارے بریفنگ دی گئی اور عوام کو ناقص و غیر معیاری خوراک کے نقصانات سے آگاہ کیا گیا۔ پمفلٹس میں واضح ہدایت دی گئی کہ صرف لائسنس یافتہ ذبح خانوں سے گوشت خریدا جائے، کولڈ چین کا استعمال یقینی بنایا جائے اور کریانہ سٹورز پر اشیائے خوردونوش کی ایکسپائری و مینوفیکچرنگ تاریخ لازمی چیک کی جائے۔فوڈ اتھارٹی ٹوبہ ٹیک سنگھ آفس میں آگاہی سیمینار کا بھی انعقاد کیا گیا جس میں دکانداروں اور تاجروں کو فوڈ سیفٹی قوانین کے حوالے سے تفصیلی آگاہی دی گئی۔ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ اتھارٹی یاسر مشتاق نے کہا کہ عوامی صحت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور ناقص خوراک فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ جعلی یا غیر معیاری مصنوعات کی فوری اطلاع فوڈ اتھارٹی کو دیں تاکہ ملاوٹ مافیا کے خلاف بروقت ایکشن لیا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں