پنجاب پولیس کے ترقیاتی بجٹ میں بڑی کٹوتی

لاہور( بیو رو چیف )پنجاب حکومت نے مالی سال 2025میں پنجاب پولیس کے تر قیا تی بجٹ میں 40فیصد کی نمایاں کٹوتی کر دی ہے ۔ رواں سال کے لیے مختص 7ارب 40کروڑ روپے کے بجٹ میں سے 2ارب 96کرو ڑ روپے واپس لے لیے گئے ہیں، جس سے پولیس کی نئی اور جاری ترقیاتی سکیموں کو شدید دھچکا پہنچا ہے۔ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے جاری شدہ اور نئی سکیموں کے لیے 6 ارب 90 کروڑ روپے کے فنڈز جاری کیے گئے تھے تاہم حالیہ سیلابی صورتحال اور قدرتی آفات سے متاثرہ علاقوں کی بحالی کو ترجیح دینے کی وجہ سے پولیس کا ترقیاتی بجٹ کم کر دیا گیا۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ رواں مالی سال میں 146 نئی ترقیاتی سکیموں پر کام کا آغاز کیا جانا تھا۔فنڈز کی کٹوتی کے باعث ان اسکیموں کا آغاز اور جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل مشکل ہو گئی ہے۔سیلاب زدہ علاقوں کی بحالی مکمل ہونے کے بعد پولیس بجٹ کی جزوی بحالی کا امکان ہے۔گزشتہ مالی سال میں پنجاب پولیس کو 12 ارب روپے سے زائد کا ترقیاتی بجٹ جاری کیا گیا تھا جبکہ رواں مالی سال میں ساڑھے 4 ارب روپے کم بجٹ ملا ہے۔ترقیاتی فنڈز میں اس کٹوتی سے انفراسٹرکچر، تھانوں کی تعمیر و مرمت، جدید سہولیات کی فراہمی اور دیگر اہم منصوبے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں