سیلاب زدہ علاقوں میں ڈینگی مچھر کی بہتات

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) فیصل آباد میں حالیہ بارشوں اور بالخصوص سیلاب زدہ علاقوں میں ڈینگی مچھر کی بہتات’ ڈینگی مچھروں کا نشانہ بن کر شہری ہسپتالوں کا رخ کرنے لگے’ محکمہ صحت نے بارشی وسیلابی پانی والے علاقوں میں ڈینگی مچھر کے خاتمہ کیلئے سپرے کروانے پر چپ سادھ لی۔ ذرائع کے مطابق فیصل آباد میں حالیہ بارشوں کی وجہ سے نشیبی علاقوں میں بارشی پانی کھڑا اور بالخصوص سیلابی علاقوں میں مچھروں کی بہتات ہو چکی ہے۔ سیلاب سے متاثرہ بے گھر افراد کھلے آسمان تلے رہنے پر مجبور ہو چکے ہیں۔ جسکی وجہ سے مچھروں کے کاٹنے سے ملیریا اور ڈینگی بخار میں مبتلا ہو کر ہسپتالوں کا رخ کر رہے ہیں۔ جبکہ سرکاری سطح پر ڈینگی مچھروں سے بچائو کیلئے بارشی وسیلابی پانی کھڑا ہونے والے علاقوں میں ابھی تک کسی قسم کا مچھر مار سپرے نہیں کروایا گیا ہے اور ڈینگی مچھروں نے بھی حملے تیز کر دیئے ہیں۔ پانی جمع ہونے سے مچھروں کی افزائش میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ جلدی بیماریوں میں بھی روز بروز اضافہ ہو رہا ہے جبکہ محکمہ صحت کی طرف سے انسداد ڈینگی سیل کی طرف سے مبینہ طور پر فرضی کارروائیاں کی جا رہی ہیں اور مچھروں کے خاتمہ کیلئے نہ تو سپرے کروایا گیا نہ ہی مچھروں کے خاتمہ کیلئے موثر اقدامات کئے گئے۔ شہری حلقوں نے کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور’ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر اور محکمہ صحت کے ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ ڈینگی مچھروں سے بچائو کیلئے شہر میں فی الفور سپرے کروایا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں