فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کی زیرقیادت پبلک ٹرانسپورٹ کے نئے دور کا آغاز’ فیصل آباد میں الیکٹروبسز کا شاندار افتتاح’ معیاری سفری سہولتیں میسر ہونے پر شہریوں کا اظہار مسرت’ پنجاب حکومت کے عوام دوست اقدامات پر خراج تحسین۔ تفصیل کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے الیکٹروبسز منصوبہ کے پہلے مرحلے میں فیصل آباد میں 30 جدید’ آرام دہ’ محفوظ اور الیکٹروبسز کا آج شاندار افتتاح عوام کیلئے بہترین سفری سہولتیں میسر ہونے کا بہترین ذریعہ ہے اور روزانہ 24ہزار سے زائد افراد کو سفری سہولیات ملیں گی، بزرگ اور خصوصی افراد کیلئے وہیل چیئرز اور سپیشل نشستیں ہونگی، ان بسوں میں سٹاپ ٹو سٹاپ کرایہ 20 روپے رکھا گیا ہے جبکہ طلبہ اور بزرگ افراد کو فری سفری سہولت حاصل ہو گی۔ علاوہ ازیں صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے بتایا کہ الیکٹرو بسز کے منصوبے سے عوام کو بہترین اور معیاری سفری سہولتیں فراہم ہوں گی جبکہ ماحولیات کے تحفظ کے لیے آلودگی میں نمایاں کمی واقع ہوگی۔انہوں نے جلسہ گاہ اور روٹس کا دورہ بھی کیا اور ہدایت دی کہ شہریوں کے لیے پینے کے صاف پانی، بیٹھنے کی جگہ اور واش رومز کے بہتر انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔ صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ نے واضح کیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق عوام کو ہر سطح پر بہترین سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔




