فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) معمولی جھگڑے پر مسلح افراد کی فائرنگ سے مخالف قتل، ٹریفک حادثات میں2نوجوان لقمہ اجل بن گئے۔قاتلانہ حملوں میں مشتعل افراد کی فائرنگ سے2افراد لہولہان، کاروبارمیں لین دین پر ایک کروڑ کا جعلی چیک دینے پر فیکٹری مالک کیخلاف مقدمہ درج،پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیموں نے مضر صحت گوشت اور جعلی خوردنی تیل فروخت کرنے والے تین افراد کو گرفتار کر لیا، پولیس مصروف تفتیش ہے۔بتایا جاتا ہے کہ تھانہ ملت ٹائون کے علاقہ عثمان ٹائون میں معمولی جھگڑے پر مشتعل افراد عامر وغیرہ نے فائرنگ کر کے35سالہ مراتب علی ولد اصغر علی کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ ساہیانوالہ کے علاقہ153ر۔ب ایکسپرس وے پر تیز رفتار بس نے سڑک عبور کرتے ہوئے نامعلوم شخص کو کچل دیا۔ روشن والا کے علاقہ میں تیز رفتار کار کی ٹکر لگنے سے موٹر سائیکل سوار محمد خان سکنہ246ر۔ب ککڑ والا زندگی کی بازی ہار گیا، حادثات کے مرتکب ڈرائیورز موقع سے فرار ہو گئے، پولیس نے نعشیں تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال میں پہنچا دیں جبکہ ستیانہ کے علاقہ230گ ب میں عداوت کی بناء پر مسلح افراد طارق وغیرہ نے فائرنگ کر کے مخالف جاوید کو لہولہان کر دیا ،153ر۔ب میں لڑکی سے ناجائز تعلقات کے شبہ پر مشتعل ملزمان واصف وغیرہ نے عثمان کو گولیاں مار دیں، نواحی گائوں605گ ب کا رجب علی ولد علی شیر مخالفین کی گولیوں کا نشانہ بن کر ہسپتال پہنچ گیا۔ پیپلز کالونی کے رہائشی محمد شاہد نے پولیس کو دی جانے والی درخواست میں بتایا کہ اس کا دائود ٹیکسٹائل مل کے مالک حاجی محمد بشیر سے رقم کے لین دین تھا اور اس کے ذمہ6کروڑ65لاکھ 53ہزار کی رقم واجب الادا تھی اور اس سے رقم کا مطالبہ کیا تو ایک کروڑ کا چیک دیا جو کہ بوگس نکلا۔ علاوہ ازیںعلاوہ ازیں پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیموں نے بٹالہ کالونی کے علاقہ میاں کالونی میں چھاپہ مار کر مضرصحت گوشت فروخت کرنیوالے قصاب طارق’ ڈی ٹائپ کالونی چوک سے قصاب عرفان علی’ محمودآباد سے قصاب فیصل کو حراست میں لیکر بھاری مقدار میں مضرصحت’ لاغر ومادہ جانوروں کا گوشت برآمد کر لیا جبکہ غلہ منڈی گیٹ پر چھاپہ مار کر لوڈر رکشہ پر جعلی ومضرصحت 900 لیٹر خوردنی تیل لے جاتے ہوئے ڈرائیور کو حراست میں لیا تو اس نے بتایا کہ وہ آڑھتی فرخ رضا سے تیل سپلائی کے لیے لے جا رہا تھا۔ پولیس نے کارروائی عمل میں لاتے ہوئے مقدمات درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔دریں اثنا۔فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی فیصل آباد آمد کے موقع پر سی پی او صاحبزادہ بلال عمر نے اپنے نمبر بنانے کیلئے زیرحراست ملزم کو فرضی مقابلہ میں زخمی کرنے کا ڈرامہ رچایا، زخمی ڈکیت کو طبی امداد کیلئے ہسپتال پہنچایا۔ پولیس ذرائع کے مطابق ریسکیو15 پر کال موصول ہوئی کہ تاندلیانوالہ کے علاقہ میں تین مسلح ڈاکوئوں نے رجب نامی شہری سے نقدی’ فون چھیننے پر مزاحمت پر گولی مار کر زخمی کر دیا ہے، اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او تاندلیانوالہ سرفراز ہمدانی ٹیم کے ہمراہ موقع پر پہنچے تو دوبارہ کال موصول ہوئی کہ 408 گ ب کے قریب بھی تین مسلح ڈاکوئوں نے شہری سے موٹرسائیکل’ نقدی چھین لی ہے۔ پولیس پارٹی نے تعاقب کیا تو رحمے شاہ روڈ پر نرالہ فیکٹری کے عقب میں پولیس اور ڈاکوئوں کا آمنا سامنا ہو گیا تو کچھ دیر تک فائرنگ کا تبادلہ رُکا تو پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران دیکھا تو ایک ملزم زخمی حالت میں پڑا تھا۔ جسکی شناخت سنی مختار ولد مختار کے نام سے ہوئی جو کہ ریکارڈ یافتہ اور پولیس کو متعدد وارداتوں میں مطلوب تھا۔ جسے طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر کے اس کے فرار ہونیوالے ساتھیوں کی تلاش شروع کر دی۔دریں اثنائ۔دریں اثنائ۔جڑانوالہ(نامہ نگار) تھانہ سٹی جڑانوالہ کے علاقہ میں انچارج سی سی ڈی جڑانوالہ کے انسپکٹر عدیل شوکت اور انکی ٹیم کے ساتھ مبینہ پولیس مقابلہ کے دوران ریکارڈ یافتہ ڈاکو مارا گیا۔ پولیس رپورٹ کے مطابق سید والا روڈ پر 3نامعلوم مسلح ڈاکوئوں نے امان سے نقدی و موٹر سائیکل چھین کر فرار ہوئے جن کو ووکیشنل کالج کے قریب انچارج سی سی ڈی جڑانوالہ انسپکٹر عدیل شوکت اور انکی ٹیم نے مشکوک جان کر روکنے کا اشارہ کیا تو ان ڈاکوئوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ شروع کر دی اور 2طرفہ فائرنگ کے دوران ایک ڈاکو کو اسلحہ اور موٹر سائیکل سمیت زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا جبکہ اسکے دیگر 2ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے زخمی ڈاکو کو فوری ہسپتال منتقل کیا گیا جو راستہ میں دم توڑ گیا ہلاک ڈاکو کی شناخت بہاولپور کے رہائشی عدنان اوڈھ کے نام سے ہوئی ہے جو ریکارڈ یافتہ اور پولیس کو ڈکیتی و راہزنی کی وارداتوں میں مطلوب تھا پولیس فرار ہونے والے 2ڈاکوئوں کی گرفتاری کے علاقہ میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔




