عطائی ڈاکٹرز کی مجرمانہ غفلت،دوران آپریشن خاتون دم توڑ گئی

جڑانوالہ(نامہ نگار) شہروانہ میں عطائی نے دوران ڈلیوری خاتون کو موت کی وادی میں دھکیل دیا،انسانی جانوں کی مقتل گاہ کو فی الفور سیل کیا جائے’ عوامی سماجی حلقوں کا حکام بالا سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق جڑانوالہ کے نواحی گائوں چک نمبر 59گ ب کی رہائشی شمائلہ دختر اسلم کو ڈلیوری کیلئے شہروانہ میں واقع عطائی ڈاکٹر رانا صابر کے کلینک پر لے جایا گیا جہاں عطائی ڈاکٹر رانا صابر اور مبینہ طور پر ایل ایچ وی شبانہ نے خود کو کوالفیائیڈ ڈاکٹر ظاہر کرکے آپریشن کیا دوران آپریشن عطائی ڈاکٹر کی مبینہ غفلت کے باعث خاتون جاں بحق ہو گئی جاں بحق ہونیوالی خاتون کے بچے کو ورثا کے حوالہ کر دیا گیا ہے۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ شہروانہ سٹاپ پر درجنوں عطائی انسانی جانوں سے کھیل رہے ہیں اور آئے روز عطائیت کے ہاتھوں انسانی جانوں کی اموات معمول بن چکی ہے۔ یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ عطائی ڈاکٹر کے ہاتھوں خاتون کی ہلاکت کے معاملہ کو چھپانے کیلئے ہلاک ہونیوالی خاتون کی تدفین کر دی گئی ہے۔ عوامی سماجی حلقوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف،صوبائی وزیر صحت پنجاب خواجہ عمران نذیر، سیکرٹری ہیلتھ پنجاب نادیہ ثاقب، کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور،ڈپٹی کمشنر فیصل آباد اور سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر شہباز سے مطالبہ کیا ہے کہ عطائیت کی پشت پناہی کرنیوالوں کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے اور مذکورہ عطائی ڈاکٹر کا کلینک سیل کرکے قرار واقعی سزا دلوائی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں