فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) سی پی او فیصل آباد صاحبزادہ بلال عمر کی ہدایت پر مدینہ ٹائون پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے اجتماعی زیادتی اور ویڈیو بنانے میں ملوث چار ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان ثقلین، ظہیر، حسنین اور احسان نے 15سالہ لڑکے صیان صادق کو فخر آباد کے کھیتوں میں لے جا کر بدفعلی کا نشانہ بنایا اور ویڈیو ریکارڈ کی۔ ایس ایچ او تھانہ مدینہ ٹائون عدیل اکرم چیمہ کی سربراہی میں کی گئی کارروائی کے دوران ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ سی پی او فیصل آباد کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کو قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی اور وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق بچوں اور خواتین سے زیادتی کے واقعات کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔




