ڈپٹی کمشنرز ٹیکسز ،فیسوں کی آن لائن ادائیگی نظام متعارف کرائیں ‘کمشنر راجہ جہانگیر انور

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق کمشنر راجہ جہانگیر انور نے ڈویژن کی میونسپل سروسز کے نظام میں بہتری لانے کے لئے ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کو سخت ہدایات جاری کر دی ہیں۔ ضلع کونسل و میونسپل کمیٹیوں کے ایڈمنسٹریٹرز کی تربیت و آگاہی کے لئے آن لائن ورکشاپس منعقد کی جائیں گی۔ریونیو میں اضافہ،چوری کی روک تھام،شہری سہولتوں میں بہتری، پارکس کی دیکھ بھال، سٹریٹ لائٹس، واٹر سپلائی اور صفائی ستھرائی کے نظام کو مزید مثر بنانے کے لئے عملی اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے۔کمشنر نے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ ٹیکسز اور فیسز کی آن لائن ادائیگی کا نظام متعارف کرایا جائے۔آمدنی کے نئے ذرائع پیدا کیے جائیں اور میونسپل جائیدادوں کے کرایہ جات کی وصولی کو یقینی بنایا جائے۔ شہری سہولتوں کے تحفظ کے لئے اسمارٹ میٹرز،توانائی کے مثر استعمال اور باقاعدہ انسپکشن پر زور دیا گیا ہے۔مزید براں پارکس کی دیکھ بھال، صفائی، روشنی اور سکیورٹی کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ شہریوں کو شریک کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔سٹریٹ لائٹس کی مرمت، ایل ای ڈی بلب کی تنصیب اور ریموٹ مانیٹرنگ سسٹم اپنانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔واٹر سپلائی کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ پانی کے معیار کی جانچ، نظام کی مرمت اور منصفانہ تقسیم کو یقینی بنایا جائے جبکہ صفائی ستھرائی کے نظام کو بہتر بنانے کے لئے باقاعدہ مہمات اور آگاہی پروگرام چلائے جائیں۔اسی طرح قصاب خانوں کی صفائی، ویسٹ ڈسپوزل اور سہولیات کی فراہمی پر بھی زور دیا گیا ہے۔ڈپٹی کمشنرز کو سڑکوں اور گلیوں کے پیچ ورک کے فوری اقدامات اور میونسپل خدمات کی اپ گریڈیشن کے لئے تخمینے تیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔اس ضمن میں کارکردگی جانچنے کے لئےKPIs اور شہری اطمینان کے سروے متعارف کرانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔کمشنر نے کہا ہے کہ کہ ضلع کونسل و میونسپل ایڈمنسٹریٹرز کی کارکردگی کا ہر تین ماہ بعد جائزہ لیا جائے گا اور اول، دوئم، سوئم پوزیشن ہولڈرز کو انعام سے نوازا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں