FCCIقیادت کی جدوجہد سے ادارہ نے گراں قدر کامیابیاں حاصل کیں،ریحان نسیم بھراڑہ

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کی قیادت کی انتھک جدوجہد سے تاجروں کے اس منتخب ادارہ نے رواں سال کے دوران گرانقدر کامیابیاں حاصل کی ہیں جبکہ نئے عہدیدار اس تسلسل کو برقرار رکھنے کیلئے ایگزیکٹو کے تعاون سے موجودہ جدو جہد کو مزید بہتر اور نتیجہ خیز بنائیں گے۔ یہ بات فیصل آباد چیمبر کے صدر ریحان نسیم بھراڑہ نے سالانہ اجلاس عام کے موقع پر اپنے اختتامی کلمات میں کہی۔ انہوں نے اس سال کے دورا ن ہونیوالے واقعات کا تفصیل سے ذکر کیا اور بتایا کہ معاشی مسائل کے حل کیلئے وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقاتوں کاسلسلہ جاری رہا جبکہ چیمبر کی گولڈن جوبلی تقریبات میں بھی وزیر اعظم کی نمائندگی معاون خصوصی ہارون اختر نے کی۔ انہوں نے بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل کے علاوہ فیصل آباد کی جامع ترقی کیلئے تمام متعلقہ محکموں کو متحرک کرنے کا یقین دلایا اور کہا کہ چیمبر میں پاسپورٹ کے سب آفس کے قیام کیلئے بھی ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔ ریحان نسیم بھراڑہ نے بتایا کہ وفاقی وزیر رانا ثنا اللہ خاں نے بھی فیصل آباد چیمبر کا دورہ کیا اور اس دوران چیمبر میں نادرہ کے آفس، ای سہولت اور نئے تزئین شدہ چیمبر کمپلیکس کے افتتاح کے علاوہ فیڈمک میں 5 ایکڑ پر نئے چیمبر کمپلیکس کا سنگ بنیاد رکھنے کی تختی کی نقاب کشائی بھی کی۔ انہوں نے بتایا کہ وفاقی وزیر برائے ریلوے نے فیصل آباد چیمبر کا دورہ کیا جبکہ کئی وزرا سے اسلام آباد میں بھی ملاقاتیں کی گئیں۔ انہوں نے بتایا کہ چیمبر کی organization Not for profit حیثیت کو دوبارہ بحال کرایا گیا جس سے چیمبر کو ہر سال 70سے 80لاکھ روپے کی بچت ہو گی۔ انہوں نے دیگر اہم کامیابیوں کا بھی ذکر کیا اور اس توقع کا اظہار کیا کہ نئے عہدیدار اس چیمبر کو ترقی کی نئی منازل سے روشناس کرائیں گے۔ انہوں نے پورا سال ان سے تعاون کرنے پر ایگزیکٹو ممبران اور چیمبر سٹاف کا بھی شکریہ ادا کیا۔ نو منتخب صدر فاروق یوسف شیخ نے سبکدوش ہونے والے عہدیداروں کی کارکردگی کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ان کے روڈ میپ میں موجودہ صدر کی طرف سے شروع کئے جانے والے منصوبوں کی تکمیل اولین ترجیح ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں بڑی تعداد میں کاروباری تنظیمیں ہیں تاہم بزنس کمیونٹی کے اجتماعی مفادات کے تحفظ کیلئے ہمیں چیمبر کے پلیٹ فارم پر یکجا ہو نا ہوگا۔ انہوں نے اپنے دور میں Made in Faisalabad نمائش کے انعقاد کا عندیہ دیا اور کہا کہ اِس کے ذریعے فیصل آباد کی مصنوعات کو مقامی، صوبائی، ملکی اور بین الاقوامی سطح پر متعارف کرانے کی راہ ہموار کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح ہمیں قومی برآمدات کو 100 ارب ڈالر تک بڑھانے میں بھی مدد ملے گی۔ انہوں نے فیصل آباد میں الیکٹرک بسیں چلانے کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ ان کو کھرڑیانوالہ تک چلایا جائے۔ انہو ں نے امن و امان کی بحالی کیلئے سیف سٹی پراجیکٹ کے تحت مزید کیمرے لگانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم عام طور پر وفاقی بجٹ پر زیادہ توجہ دیتے ہیں جبکہ ہمیں صوبائی بجٹ کی تیاری میں بھی اپنا بھر پور کردار اد اکرنا چاہیے۔ تقریب کے مہمان خصوصی میاں جاوید اقبال نے جانے والے عہدیداروں کو کامیاب سال گزارنے پر مبارکباد دی اور نئے عہدیداروں پر زور دیا کہ وہ اپنی وژن اور جدوجہد سے اسی طرح مزید کامیابیاں سمیٹیں۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر کے عہدے محنت کرنے والوں کیلئے کھلے ہیں۔ چیمبر کے ممبران کو چاہیے کہ وہ یہاں ہونے والی ہر تقریب میں شرکت کریں تاکہ آنے والے دنوں میں وہ بھی چیمبرکے عہدیداروں کی ذمہ داریاں سنبھال سکیں۔ انہوں نے سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے عطیات دینے کی اپیل کی اور کہا کہ اس سلسلہ میں اب تک ڈیڑھ کروڑ روپے جمع ہو چکے ہیں تاہم مزید فنڈ ملنے پر امدادی سرگرمیوں کا دائرہ کار مزید وسیع کیا جائے گا۔ آخر میں چیمبر کے ایگزیکٹو ممبران، قائمہ کمیٹیوں کے کنونیئرز اور سٹاف میں شیلڈیں بھی تقسیم کی گئیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں