حماس نے امن معاہدہ قبول کرلیا،ٹرمپ کا اسرائیل کو بمباری روکنے کا حکم

غزہ (مانیٹرنگ ڈیسک) غزہ میں امن کے لیے بڑی پیش رفت ہوئی ہے جس میں فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس نے امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے غزہ امن منصوبے پر عملدر آمد کا اعلان کردیا ہے۔ حماس نے صدر ٹرمپ کے منصوبے پر اپنا جواب ثالثوں کو پہنچا دیا ہے۔ ادھر صدر ٹرمپ نے بھی اسرائیل کو غزہ پر فوری بمباری روکنے کی ہدایت کردی ہے۔برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق حماس نے صدر ٹرمپ کا بیس نکاتی غزہ امن منصوبہ بڑی حد تک قبول کرلیا ہے۔ حماس نے اس حوالے سے کہا ہے کہ وہ تمام یرغمالیوں زندہ یا مردہ کو واپس کرنے پر آمادہ ہوگئے ہیں۔ حماس ثالثوں کے ذریعے مذاکرات میں شامل ہونے کو بھی تیار ہے۔حماس کے مطابق غزہ کا انتظام آزاد ٹیکنوکریٹس کی فلسطینی باڈی کے حوالے کریں گے جبکہ ہتھیار مستقبل کے فلسطینی حکمرانوں کے حوالے کیے جائیں گے۔ جنگ بندی کے لیے عرب ،اسلامی ،بین الاقوامی اور صدر ٹرمپ کی کوششوں کو سراہتے ہیں۔تنظیم نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اس نے اپنی قیادت، فلسطینی دھڑوں، فورسز، ثالثوں اور دوستوں سے مشاورت کی ہے۔ غزہ جنگ ختم کرنے اور اسرائیلی افواج کے مکمل انخلا کے بدلے تمام اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا کرنے کو تیار ہیں۔ قیدیوں کے تبادلے میں ہلاک اسرائیلی بھی شامل ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں