فیصل آباد میں صحت مندانہ سرگرمیوں کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جارہے ہیں،کمشنر راجہ جہانگیر انور

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) کمشنر راجہ جہانگیر انور کا جڑانوالہ میں کھلی کچہری کے دوران شہریوں کے مسائل، شکایات کے ازالے کے حوالہ سے دیے گئے احکامات پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ۔ اوپن ڈور پالیسی کے تحت روزانہ کی بنیاد پر موصول ہونے والی عوامی درخواستوں اور ان کی شنوائی کے عمل پر بریفنگ دی گئی۔ ایڈیشنل کمشنر کنسالیڈیشن عامر رضا، اے سی جنرل فریاد دانش نے بریفنگ دی۔ کھلی کچہری کے احکامات پر عملی اقدامات کیے گئے ہیں اور بیشتر مسائل کے حل کے لیے محکمانہ سطح پر کارروائیاں مکمل کر لی گئیں، کھلی کچہری عوامی مسائل کے حل کے لیے ایک موثر فورم ہے جہاں شہری براہ راست اپنی شکایات، تجاویز پیش کرتے ہیں۔ کمشنر راجہ جہانگیر انور نے کہا کہ شہری درخواستوں کے فوری اور شفاف ازالے کو یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ عوام کا اعتماد بحال ہو، عوامی خدمت کو اولین ترجیح دی جائے اور اوپن ڈور پالیسی کے تحت آنے والی ہر شکایت کو سنجیدگی سے نمٹایا جائے، کھلی کچہری میں دیے گئے احکامات پر بروقت عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور عوام کو جلد نتائج سے آگاہ کیا جائے، کمشنر نے ہدایت کی کہ اگلی کھلی کچہری تحصیل گوجرہ ٹوبہ ٹیک سنگھ میں لگائی جائیگی۔دریں اثنائ۔فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور کی زیر صدارت ایف ڈی اے سٹی میں سپورٹس کمپلیکس کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں سپورٹس کمپلیکس کی ممبر شپ، فیس کے تعین اور دیگر امور پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ شہریوں کے لئے سپورٹس کمپلیکس کی ممبرشپ فیس4 لاکھ روپے جبکہ سرکاری افسروں کے لئے 2 لاکھ روپے مقرر کی جائے گی۔ کمشنر نے واضح کیا کہ گریڈ17 اور اس سے اوپر کے افسران ممبر شپ کے اہل ہوں گے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سپورٹس کمپلیکس کی ممبرشپ کے امیدواروں کے انٹرویوز جلد شروع کئے جائیں گے۔راجہ جہانگیر انور نے کہا کہ فیصل آباد میں صحت مندانہ سرگرمیوں اور سماجی میل جول کے فروغ کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایف ڈی اے سپورٹس کمپلیکس میں عالمی معیار کی ان ڈور گیمز کی جدید سہولیات موجود ہیں جبکہ شہریوں کی دلچسپی بڑھانے کے لئے سپورٹس کمپلیکس میں عالمی معیار کا سینما اور کیفے ٹیریا بھی تعمیر کیا جائے گا۔کمشنر نے ایف ڈی اے کو ہدایت کی کہ سپورٹس کمپلیکس کی مزید وسعت کے لئے ماسٹر پلان تیار کیا جائے تاکہ اسے شہریوں کے لئے مزید پرکشش بنایا جا سکے۔اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے کمشنر کو سپورٹس کمپلیکس کے تکمیلی مراحل، دستیاب سہولیات، نمایاں خصوصیات، مزید ترقی کے منصوبوں اور بعض درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔مزید برآں کمشنر فیصل آباد نے ایف ڈی اے سٹی میں زیر تعمیر ڈویژنل پبلک سکول کی بلڈنگ کی جلد تکمیل کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ بلڈنگ کے فرسٹ فلور کو تیز رفتاری سے مکمل کرکے کلاسز کا آغاز جلد کیا جائے تاکہ تعلیمی سہولتیں بروقت فراہم کی جا سکیں۔اجلاس میں ایڈیشنل کمشنرز کوآرڈینیشن و کنسالیڈیشن، پرنسپل ڈویژنل پبلک سکول اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں