مختلف مقامات پر ٹریفک حادثات’5افراد زندگی کی بازی ہار گئے

فیصل آباد /جڑانوالہ (سٹاف رپورٹر /نامہ نگار) مختلف مقامات پر ٹریفک حادثات میں 5افراد زندگی کی بازی ہار گئے، پولیس نے نعشیں تحویل میں لیکر ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر کے حادثات کے مرتکب ڈرائیورز کی تلاش شروع کر دی۔ تفصیل کے مطابق تھانہ ملت ٹائون کے علاقہ شیخوپورہ روڈ پر ستارہ ویلی میں تیز رفتار کار کی ٹکر لگنے سے 13سالہ موٹر سا ئیکل سوار سدرن لقمہ اجل بن گیا، تھانہ پیپلزکالونی کے علاقہ چن ون روڈ پر تیز رفتار موٹرسائیکل کی زد میں آ کر پیدل سڑک عبور کرنے والا 55سالہ سکیورٹی گارڈ ظفر اقبال زندگی کی بازی ہار گیا۔ تیسرا حادثہ سمندری روڈ ناولٹی پل کے قریب پیش آیا جہاں پر آئل ٹینکر کی زد میں آ کر موٹرسائیکل سوار 45سالہ ریئس احمد ولد محمد رفیق سکنہ بلال چوک سمن آباد جاں بحق اور اس کا ساتھی 56سالہ محمد ناصر ولد رحمت اﷲ سکنہ ڈی ٹائپ کالونی بری طرح زخمی ہو گیا۔ چوتھا حادثہ چک نمبر 653 گ ب جڑانوالہ موٹروے پر پیش آیا جہاں پر ٹرک ملتان سے لاہور جا رہا تھا کہ جب وہ 653 گ ب کے قریب پہنچا تو ڈرائیور کو نیند آنے کی وجہ سے بے قابو ہو کر موٹروے کے کنارے پر کھڑے ٹرالر سے ٹکرا گیا، جس کے باعث 37سالہ نوید ولد طاہر سکنہ 79 چک عارف والا جاں بحق جبکہ اس کے دو ساتھی 23سالہ محمد آصف ولد عمر حیات سکنہ 269 ج ب ٹوبہ ٹیک سنگھ اور 23سالہ غلام عباس ولد سلامت علی سکنہ 31 رب ننکانہ بری طرح زخمی ہو گئے۔ پانچواں حادثہ جڑانوالہ کے علاقہ لاہور روڈ پر پیش آیا جہاں پر تیز رفتار ڈمپر کی ٹکر لگنے سے موٹرسائیکل سوار 25سالہ احسن علی زندگی کی بازی ہار گیا۔ حادثات کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122 کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو طبی امداد فراہم کر کے ہسپتال پہنچایا جبکہ پولیس نے نعشیں تحویل میں لیکر ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر کے حادثات کے مرتکب ڈرائیورز کی تلاش شروع کر دی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں