فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) فیصل آباد کے دو حلقوں PP-115، PP-116 میں ضمنی انتخاب 23نومبر 2025ء کو ہونگے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے شیڈول جاری کر دیا جبکہ ملتوی ہونیوالے تین حلقوں PP-98′ این اے98′ این اے104 کا انتخابی شیڈول بھی جلد متوقع ہے۔ لیگی امیدواروں نے ڈور ٹو ڈور کمپیئن کا آغاز کر دیا۔ الیکشن کمیشن پاکستان کے ڈپٹی ڈائریکٹر کوارڈینیشن محمد اسد علی کی طرف سے جاری ہونیوالے شیڈول کے مطابق صوبائی اسمبلی کے حلقہ PP-115، PP-116 میں 10اکتوبر کو ریٹرننگ آفیسر مذکورہ حلقوں کا پبلک نوٹس جاری کرینگے۔ 13 اکتوبر سے 15اکتوبر تک امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی جمع کروائینگے۔ 16اکتوبر کو ریٹرننگ آفیسر ابتدائی فہرست جاری کرینگے، 20اکتوبر کو کاغذات کی جانچ پڑتال ہو گی۔ 24اکتوبر کو مسترد ہونے والے امیدوار ریٹرننگ آفیسر کے پاس اپیل کر سکیں گے۔ 31اکتوبر تک اپیلوں پر فیصلہ سنایا جائیگا۔ یکم نومبر کو امیدواروں کو حتمی فہرست شائع کی جائے گی۔ 3نومبر تک امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے سکیں گے۔ 4نومبر کو امیدواروں کو انتخابی نشان الاٹ کئے جائیں گے اور 23نومبر 2025ء بروز اتوار کو پولنگ ہو گی۔ ضمنی الیکشن میں ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کیپٹن (ر) ندیم ناصر کو ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر تعینات کیا گیا ہے جبکہ حلقہ پی پی115 کے ریٹرننگ آفیسر اشفاق احمد اسسٹنٹ کمشنر ایچ آر ایم اینڈ کوارڈینیشن جبکہ اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسر ڈپٹی چیف آفیسر ایم سی ایف عظمت فردوس اور ڈی ای او لٹریسی منصور اختر غوری ہونگے۔ حلقہ پی پی116 کے ریٹرننگ آفیسر عمران عصمت پنوں ایڈیشنل کمشنر ریونیو اور اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسر تحصیلدار سٹی زاہد گل اور اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر محمد نبیل افتخار کو مقرر کیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ انسداد دہشت گردی کی عدالت سے سزا ہونے پر حلقہ پی پی115 سے پاکستان تحریک انصاف کے ممبر صوبائی اسمبلی شیخ شاہد جاوید اور حلقہ پی پی116 سے پی ٹی آئی کے ممبر صوبائی اسمبلی ملک اسماعیل سیلا کو نااہل ہونے پر نشستیں خالی ہوئی تھیں۔ پی پی115 میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سابق ایم پی اے میاں طاہر جمیل اور سابق سیکرٹری ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن مرتضیٰ حکیم ایڈووکیٹ جبکہ پی پی116 میں رانا احمد شہریار خاں مسلم لیگ (ن) کی طرف سے امیدوار ہیں اور انہوں نے اپنے اپنے حلقہ میں ڈور ٹو ڈور کمپیئن کا سلسلہ بھی شروع کر دیا ہے جبکہ پاکستان تحریک انصاف نے ضمنی الیکشن کا بائیکاٹ کر رکھا ہے اور دیگر سیاسی جماعتوں اور آزاد امیدواروں نے بھی کمپیئن شروع کر دی ہے اور دونوں حلقوں میں سیاسی ڈیرے آباد ہو گئے۔ علاوہ ازیں فیصل آباد کے قومی اسمبلی کے دو حلقوں این اے96 اور این اے104 اور صوبائی اسمبلی کے حلقہ PP-96 میں سیلاب کی وجہ سے 5اکتوبر کو ہونے والا الیکشن ملتوی کر دیا گیا تھا۔ ذرائع کے مطابق مذکورہ حلقوں میں بھی آئندہ چند روز میں شیڈول کا اعلان کر دیا جائے گا۔




